جیولری شاپ پر کا چھاپہ، 2 کروڑ ایرانی ریال سمیت بھاری غیرملکی کرنسی برآمد

ملتان(قدرت روزنامہ) ایف آئی اے نے جیولرشاپ پر چھاپہ مار کر 2 کروڑ ایرانی ریال سمیت دیگر ممالک کی کرنسی برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جہانیاں بازار میں ایک جیولری شاپ پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے الزام میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 2 کروڑ ایرانی ریال سمیت مختلف ممالک کی کرنسی برآمد کی گئی، جبکہ 5 لاکھ 31 ہزار 500 پاکستانی روپے بھی قبضے میں لیے گئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ برآمد ہونے والی غیرملکی کرنسی میں 169 امریکی ڈالر، 1954 سعودی ریال، 480 درہم اور 49 عمانی ریال شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران 46.5 بحرینی دینار، 14.5 کویتی دینار اور 331 قطری ریال بھی برآمد کیے گئے، اس کے علاوہ 45 یورو، 25 برطانوی پاؤنڈ اور 20 کینیڈین ڈالر ، 5 آسٹریلوی ڈالر اور 9 سنگاپور ڈالر بھی قبضے میں لیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت عطا اللہ، محمد طارق شہزاد اور اسد اقبال کے نام سے ہوئی ہےتاہم تینوں ملزمان سے مبینہ غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
