پاکستان سمیت 12 اسلامی ممالک کی شام میں اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان سمیت 12 اسلامی ممالک نے شام میں اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کی۔
اس حوالے سے جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ابوالظہور فوجی ایئر بیس پر اسرائیلی حملہ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق شام کی سرزمین اور انفرااسٹرکچر کو مسلسل نشانہ بنانے پر گہری تشویش ہے، اسرائیلی حملوں سے شام میں سیکیورٹی بحالی اور قومی اداروں کی تعمیر نو متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اعلامیہ کے مطابق شام کی خودمختاری کیخلاف ورزیوں سے علاقائی امن و استحکام کو خطرات لاحق ہیں، عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کے خلاف واضح اور اصولی موقف اختیار کرے۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق اسرائیلی افواج شام میں زیر قبضہ علاقوں سے واپس جائے۔ 1974 کے ڈس انگیجمنٹ معاہدے کا مکمل احترام کیا جائے۔ آزادی اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔
