پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اپوزیشن اتحاد کی منظوری دےدی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اپوزیشن اتحاد کی منظوری دے دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ آج جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی دعوت پر اپوزیشن قیادت ان کی رہائشگاہ جائے گی۔حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے عدلیہ سے رجوع کریں گے۔ہماری پوری توجہ اب 27 ستمبر کی تحریک پر ہوگی۔
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کا بھی کہنا ہے کہ مولانا کے ساتھ ملاقات آج ہے، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بہت سی چیزوں پر اتفاق ہوا ہے، کوشش ہے حکومت سے ناراض قوتیں ایک جگہ اکٹھی ہوں۔
واضح رہے کہ سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز ’متحدہ اپوزیشن‘ کے قیام کا اعلان کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سے اہم ملاقات کی جس میں انہوں نے متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کیا تھا۔
سربراہ جے یو آئی (ف) نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈران سے مشاورت ہوئی، متحدہ اپوزیشن کی طرف جانے پر اتفاق ہوا ہے، ہم مشترکہ پارلیمانی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تاہم مزید مشاورت جاری رہے گی۔
صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ساتھ ملائیں گے؟ اس پر مولانا فضل الرحمان نے جواب دیا تھا کہ وہ حکومت میں ہے، اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کیلیے بھی ماحول بنانا چاہیے۔
