بلوچستان میں اگر کوئی چیز ترقی کر رہی ہے تو وہ قبرستان ہیں،حافظ حمد اللہ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما حافظ حمد اللہ نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں مسائل، بدامنی، لاپتہ افراد، آپریشنز، بم دھماکوں اور معاشی مشکلات نے عوام کو شدید متاثر کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں حافظ حمد اللہ نے کہا کہ بلوچستان کا حال لاشوں، بند شاہراہوں، معطل تجارت، تباہ حال کاروبار، گیس و بجلی کی قلت اور معدنی وسائل سے محرومی کی داستان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام اپنے ساحل و وسائل پر اختیار سے محروم ہیں جبکہ امن و امان کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئے روز ٹرانسپورٹ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، مختلف علاقوں میں حملوں کے واقعات پیش آ رہے ہیں اور عام شہری خوف و بے یقینی کی کیفیت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ حافظ حمد اللہ نے سیاسی صورتحال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندگی اور ووٹ کے احترام کے حوالے سے بھی سوالات موجود ہیں۔
جے یو آئی رہنما نے سوال اٹھایا کہ اگر بلوچستان کے حالات ایسے ہیں تو کیا پورے ملک کا مستقبل بھی اسی سمت جا رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے ایوانوں میں بلوچستان کے مسائل پر سنجیدہ سوالات اٹھانے کی ضرورت ہے، تاہم ایسا کردار نظر نہیں آتا۔
حافظ حمد اللہ نے مزید کہا کہ بلوچستان میں اگر کوئی چیز ترقی کر رہی ہے تو وہ قبرستان ہیں، جہاں بلوچ اور پشتون عوام کی لاشیں پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
