جن وزرا کے ٹینکر چل رہے ہیں وہی پانی کی عدم فراہمی کے ذمہ دار ہیں، مصطفیٰ کمال

کراچی (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جن وزرا کے ٹینکر چل رہے ہیں وہی پانی کی فراہمی کے ذمہ دار ہیں، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی چاہتے ہیں۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ سندھ دھرتی ماں کی طرح ہے، اس کو تقسیم کرنے کی بات نہیں کررہے، ہم اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی چاہتے ہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ جن وزرا کے ٹینکر چل رہے ہیں، ان کی ذمہ داری پانی کی فراہمی ہے، کراچی والے کھڑے ہوگئے تو ان سب کو بہا لے جائیں گے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس نظام کے تحت پاکستان کو مزید چلایا اور بچایا نہیں جاسکتا، کسی کی خواہش پر پاکستان کو قربان نہیں کیا جاسکتا، اب خواہشات کی قربانی دی جائے گی۔

صحت سہولیات کی فراہمی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ کے لیے کوشش کی لیکن ناکام رہا کیونکہ یہ صوبائی حکومتوں کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور جی بی کا نظام میرے پاس ہے وہاں ہیلتھ کارڈ شروع کردیا، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہیلتھ کارڈ صوبے کا کام ہے اس کا پیسہ صوبوں کو جاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ میں ہیلتھ کارڈ کے لیے 22 ارب روپے کا تخمینہ لگایا تھا۔

WhatsApp
Get Alert