حقیقی سکینڈلز آنکھوں کے سامنے موجود ہیں لیکن انہیں نظر انداز کرکے مصنوعی سکینڈل بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ جب سینیٹ میں نون لیگ کے ایک سینیٹر اور ایک وزیر نے ان کے نام کو بدنام کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے مختلف ٹی وی پروگراموں میں آکر تمام سوالات کے جواب دیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کا بجٹ ہر سال ان کی وجہ سے نہیں بلکہ عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) کی شرائط کے باعث بڑھتا رہا ہے۔وہ چار سال قبل حکومت چھوڑ چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود بی آئی ایس پی کا بجٹ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے واضح کیا کہ وہ بی آئی ایس پی کو کوئی چیز فروخت نہیں کرتے۔ ان کے مطابق بی آئی ایس پی اشیا ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) سے خریدتا ہے، جبکہ ورلڈ فوڈ پروگرام کھلی بولی کے ذریعے ان کی کمپنی سمیت دیگر کمپنیوں سے اشیا خریدتا ہے۔وہ اس وقت بھی نیب کی کسی بھی تحقیقات کا خیرمقدم کرتے ہیں اور پاکستان کا کوئی بھی باشعور شہری ان کے خلاف نیب میں شکایت درج کرا سکتا ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ بعض لوگ ایسے معاملے میں بھی اسکینڈل بنانے کی کوشش کرتے ہیں جہاں کوئی اسکینڈل موجود نہیں، جبکہ ان کی آنکھوں کے سامنے موجود حقیقی اسکینڈلز کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔
