پیر کو تہران میں کیا ہونے جارہا ہے؟ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے دورے کی تفصیلات سامنے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اپاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر پیر کو تہران پہنچیں گے جہاں ان کی اہم ملاقاتیں ہوں گی اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ ایران کا بنیادی مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ دورہ خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کا بھی حصہ ہے۔ دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے معاملات، علاقائی صورتحال اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو آگے بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی جائے گی۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اب بھی جنگ کی صورتحال سے گزر رہا ہے اور ملک کو بیک وقت معاشی، فوجی اور سکیورٹی محاذوں پر مشکلات کا سامنا ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک امریکا کی سخت پابندیوں کے باوجود ثابت قدم ہے اور ایک غیر مساوی جنگ کا مقابلہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
مسعود پزشکیان نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کو وینزویلا بنانے کی کوشش کی تاہم وہ اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ ان کے بقول دشمن کی خواہش تھی کہ ایران تباہ ہوجائے لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ مضبوط اتحاد کے نتیجے میں ایران ایسی طاقت کے طور پر سامنے آیا ہے جس نے دنیا کو حیران کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام کو درپیش مشکلات پر بھی جلد قابو پالیا جائے گا۔
