بجلی کا بل کم کرنا چاہتے ہیں؟ اے سی کی صرف ایک سیٹنگ آپ کے ہزاروں روپے بچا سکتی ہے

لاہور(قدرت روزنامہ)ملک بھر میں بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے صارفین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق ایئر کنڈیشنر (اے سی) کے استعمال کا درست طریقہ اپنا کر بجلی کے بل میں نمایاں کمی کی جاسکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اے سی کا درجہ حرارت 22 ڈگری کے بجائے 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ پر رکھا جائے تو نہ صرف کمرہ مناسب حد تک ٹھنڈا رہتا ہے بلکہ بجلی کی کھپت بھی کم ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اے سی کا درجہ حرارت ہر ایک ڈگری بڑھانے سے توانائی کے استعمال میں تقریباً ایک سے تین فیصد تک کمی آسکتی ہے۔ اسی لیے 26 ڈگری سینٹی گریڈ کو توانائی کی بچت اور آرام کے درمیان متوازن درجہ حرارت سمجھا جاتا ہے۔
بجلی کے بل میں مزید کمی کے لیے پرانے بلبوں کی جگہ ایل ای ڈی لائٹس استعمال کریں، غیر ضروری برقی آلات بند رکھیں اور استعمال نہ ہونے پر ان کے پلگ بھی نکال دیں تاکہ اسٹینڈ بائی پاور کا ضیاع نہ ہو۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے دوران گھر سے باہر جاتے وقت اے سی کو مکمل بند کرنے کے بجائے اس کا درجہ حرارت بڑھا دینا زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ بہت زیادہ گرم ہو جانے والے گھر کو دوبارہ ٹھنڈا کرنے کے لیے اے سی کو زیادہ دیر تک کام کرنا پڑتا ہے۔
اگرچہ بجلی کی کھپت کا انحصار اے سی کی کارکردگی، گھر کے سائز، موصلیت (Insulation)، بیرونی درجہ حرارت اور نمی جیسے عوامل پر بھی ہوتا ہے، تاہم مناسب درجہ حرارت مقرر کرنا بجلی کے اخراجات کم کرنے کا ایک آسان اور مؤثر طریقہ ہے۔
