پنجاب میں ڈھائی ماہ بعد اسکول کھل گئے! اسموگ سے بچاؤ کیلئے نئی ہدایات بھی جاری

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب بھر میں ڈھائی ماہ کی طویل گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد لاہور سمیت صوبے کے تمام اسکول آج سے دوبارہ کھل گئے ہیں۔ تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے ساتھ حکومت نے اسموگ کے ممکنہ اثرات سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بھی احتیاطی اقدامات نافذ کردیئے ہیں۔
محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق سنگل شفٹ اسکول صبح 8 بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ ڈبل شفٹ اسکولوں میں پہلی شفٹ صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے اور دوسری شفٹ ایک بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک ہوگی۔ نئے اوقات کار تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل اور طلبہ کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کیے گئے ہیں۔
اسموگ سے بچاؤ کے لیے کیا اقدامات ہوں گے؟
پنجاب حکومت نے تمام سرکاری اسکولوں کو پری اسموگ ایکشن پلان 2026 پر عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی ماحولیاتی اداروں کے تعاون سے تیار کیا گیا یہ منصوبہ جولائی سے ستمبر 2026 تک جاری رہے گا۔
منصوبے کے تحت بچوں کو آلودہ ہوا سے بچانے کے لیے اسکولوں میں بیرونی سرگرمیاں محدود کی جائیں گی۔ کسی بھی آؤٹ ڈور ایکٹیویٹی یا جسمانی تربیت سے پہلے انتظامیہ کو ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کا جائزہ لینا ہوگا۔
اسکولوں کو کھیلوں اور دیگر جسمانی سرگرمیوں کے اوقات یا طریقہ کار میں بھی ضرورت کے مطابق تبدیلی کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ فضائی آلودگی بڑھنے کی صورت میں طلبہ کا کھلی فضا میں وقت کم کیا جاسکے۔
حکام کے مطابق اسموگ سیزن کے دوران پنجاب میں فضائی آلودگی بڑھنے کا امکان ہے اس لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ایکشن پلان کا مقصد آلودگی کے اثرات کم کرنے کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا اور طلبہ کی صحت و سلامتی کو ترجیح دینا ہے۔
