آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران پہنچ گئے

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران پہنچ گئے۔وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کے ہمراہ ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ سکندرمومنی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششوں کے سلسلے میں ایران روانہ ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے حل کیلئے کوششوں کے فروغ پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔

ادھرایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے کوشش کر رہا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے، دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس سے قبل ایرانی حکومت نے ایکس پر لکھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں علاقائی صورت حال اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تقریب سے خطاب میں کہا ایران اس وقت بھی حالت جنگ میں ہے، ملک مکمل معاشی، فوجی اور سکیورٹی جنگ کا سامنا کر رہا ہے، ہم امریکا کی سخت پابندیوں کے سامنے ثابت قدم ہیں، ایران غیرمساوی جنگ کامقابلہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کو وینزویلا بنانے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہا، دشمن چاہتا تھا کہ ایران تباہ ہوجائے لیکن ایسا نہیں ہوسکا، ایران مضبوط اتحاد سے دنیا کوحیران کرنے والی طاقت بن کر ابھرا، امید ہے عوام کو درپیش مشکلات پر جلد قابو پالیں گے۔

WhatsApp
Get Alert