لورالائی کے علاقے میختر جلیبی موڑ پر المناک ٹریفک حادثہ؛ 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق، ٹرک ڈرائیور زخمی

کار اور موٹر سائیکل کی ٹکر کے بعد کار سوار فرار، موٹر سائیکل سواروں کو بچاتے ہوئے ٹرک الٹ گیا


جاں بحق افراد کی شناخت امان اللہ اور یوسف کے نام سے ہوئی، زخمی ٹرک ڈرائیور اسپتال منتقل
لورالائی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) لورالائی کی تحصیل میختر کے علاقے جلیبی موڑ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں کار کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ حادثے کا سبب بننے والا کار سوار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق، اس حادثے کے بعد سڑک پر گرے ہوئے موٹر سائیکل سواروں کو بچانے کی کوشش میں ایک ٹرک بے قابو ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور ایف سی نارتھ میختر کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ امدادی کارکنوں نے جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی لاشوں اور زخمی ٹرک ڈرائیور کو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال لورالائی منتقل کر دیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق، جاں بحق ہونے والے موٹر سائیکل سواروں کی شناخت امان اللہ ولد صوبیدار حمزہ زئی اور یوسف ولد فضل محمد ولیزئی کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسری جانب، حادثے میں شدید زخمی ہونے والے ٹرک ڈرائیور کی شناخت خواجہ محمد ولد علی جان علیزئی کے نام سے کی گئی ہے، جسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے فرار ہونے والے کار سوار کی تلاش شروع کر دی ہے۔

WhatsApp
Get Alert