نارویجن فٹبالر ہالینڈ کے نئے لُک نے مداحوں کو حیران کردیا، گرل فرینڈ بھی ہکّا بکّا

مانچسٹر (قدرت روزنامہ)فٹبال کی دنیا میں کھلاڑیوں کے نئے اور منفرد اسٹائل ہمیشہ مداحوں کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں، تاہم مانچسٹر سٹی کے اسٹار اسٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ نے پریمیئر لیگ کے نئے سیزن کے آغاز پر اپنا حلیہ ہی بدل ڈالا۔ ہالینڈ نے اپنے لمبے سنہری بالوں کو الوداع کہتے ہوئے انتہائی مختصر بَز کٹ ہیئر اسٹائل اپنا لیا، جس نے مداحوں کے ساتھ ساتھ ان کی دیرینہ گرل فرینڈ ازابیل ہاؤگسن جوہانسن کو بھی حیران کر دیا۔ ان کے نئے لُک کی تصاویر اور ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر بھی خوب توجہ حاصل کرنے لگیں۔
26 سالہ ارلنگ ہالینڈ نے سوشل میڈیا پر اپنے اس نئے روپ کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’نیا سیزن اور نیا ہیئر کٹ‘۔
ہالینڈ کے لمبے بال گزشتہ کئی سال سے ان کی شخصیت کا خاص حصہ رہے ہیں۔ فٹبال کی دنیا میں ان کا مخصوص ہیئر اسٹائل بھی کافی مشہور رہا ہے، تاہم نئے سیزن سے پہلے انہوں نے اپنے بال مکمل طور پر چھوٹے کروانے کا فیصلہ کیا۔
بال کٹوانے سے پہلے ہالینڈ نے مزاحیہ انداز میں اپنے پرانے ہیئر اسٹائلز دکھائے اور یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے نئے بالوں کے لیے کس قدر سوچ بچار کر رہے تھے۔ جب بال کٹنے لگے تو وہ پہلے کچھ گھبرائے ہوئے دکھائی دیے لیکن جلد ہی مسکرانے لگے کیونکہ انہیں اپنا نیا روپ پسند آگیا۔
ہالینڈ کے بال چھوٹے کروانے کے دوران ان کی گرل فرینڈ ازابیل ہاؤگسن جوہانسن بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔ جیسے ہی ہالینڈ کے لمبے بال کاٹے جانے شروع ہوئے، ازابیل نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”اوہ میرے خدا!“ اور ایک موقع پر انہوں نے مذاقاً کہا، ”مجھے لگتا ہے میں رو دوں گی۔“
تاہم جب نیا بَز کٹ مکمل ہوا تو ازابیل نے اپنا ردِعمل بدلتے ہوئے کہا، ”یہ اچھا لگ رہا ہے، آپ پیارے لگ رہے ہیں۔“ ساتھ ہی انہوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ اب صبح اٹھ کر شاید انہیں دیکھ کر سوچنا پڑے گا، ”یہ کون ہے؟“
اس تبدیلی کے بعد فٹبالر نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور معروف شخصیات کو ویڈیو کالز کیں جن پر سب کی طرف سے مختلف ردعمل سامنے آیا۔ مانچسٹر سٹی کے کوچ پیپ گووارڈیولا نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تم بہت خوش قسمت ہو کہ تمہارے پاس بال ہیں،کاش میرے بال بھی ایسے ہوتے۔ مجھے یہ بہت پسند ہے۔
ٹیم کے ساتھی کھلاڑی جیک گریلیش نے ہنستے ہوئے کہا کہ تم اس نئے روپ میں10 سال کے بچے لگ رہے ہو، یہ بہت مزاحیہ ہے اور میں تمہارے بالوں کی طرف دیکھنے سے خود کو نہیں روک پا رہا، مجھے یہ بہت اچھا لگا۔
مشہور گلوکار نوئیل گالاگھر کا کہنا تھا کہ اس نئے حلیے میں تم سترہ سال کے لگ رہے ہو، تبدیلی اچھی چیز ہے۔
دوسری طرف ارلنگ ہالینڈ نے یہ بھی بتایا کہ سویڈن کے سابق نامور کھلاڑی زلاتان ابراہیمووچ نے انہیں پہلے مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے لمبے بال کبھی نہ کاٹیں کیونکہ ان کی طاقت انہی میں پوشیدہ ہے، لیکن جب زلاٹن نے ہالینڈ کا نیا چھوٹا فوجی کٹ دیکھا تو وہ بالکل خوش نہیں ہوئے۔ زلاٹن ابراہمووچ نے مذاق میں کہا کہ تم نے یہ کیا کر دیا ہے، کیا تم کوئی شرط ہار گئے تھے، اب مجھے بلاک کر دو اور میرا نمبر اپنے پاس سے مٹا دو۔
ہالینڈ کے لیے یہ تبدیلی اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ انہوں نے بوروسیا ڈورٹمنڈ کے دنوں کے بعد سے اتنے چھوٹے بال نہیں کروائے تھے۔ اب وہ نئے ہیئر اسٹائل کے ساتھ نئے سیزن میں میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔
مانچسٹر سٹی کے اسٹرائیکر کی نظریں صرف نئے لُک پر نہیں بلکہ نئے سیزن میں گولز پر بھی ہیں۔ ہالینڈ کی کوشش ہوگی کہ سیزن کے ابتدائی میچوں میں ہی گول کرکے اپنی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کریں۔
