ضلع اکاؤنٹس آفس حب کے ریکارڈ نے 19 کروڑ روپے کی ریلیز کے دعوے کی تردید کردی

حب(قدرت روزنامہ)حب، ساکران، گڈانی اور گردونواح میں اسکولوں کی تعمیر سے متعلق 19 کروڑ روپے جاری ہونے کے دعوے کے برعکس ضلع اکاؤنٹس آفس حب کے سرکاری ریکارڈ نے واضح کردیا ہے کہ مذکورہ اسکیم کے لیے اب تک صرف 10 لاکھ روپے کی رقم ریلیز ہوئی ہے، جبکہ رواں مالی سال کے لیے مختص 1 کروڑ 13 لاکھ 70 ہزار روپے میں سے تاحال کوئی رقم ریلیز نہیں کی گئی۔
ضلع اکاؤنٹس آفس حب کی دستاویز کے مطابق Z-Code Z2025.2571 کے تحت 5 پرائمری اور 3 مڈل اسکولوں کی تعمیر کی اسکیم شامل ہے، جس کی مجموعی تخمینہ لاگت 380 ملین روپے یعنی 38 کروڑ روپے ہے۔
دستاویز کے مطابق مالی سال 2025-26 میں اس اسکیم کے لیے 10 لاکھ روپے بجٹ میں مختص کیے گئے اور اسی رقم کے مقابلے میں 10 لاکھ روپے ریلیز بھی دکھائے گئے ہیں، تاہم اس رقم کے مقابلے میں کل اخراجات صفر درج ہیں جبکہ 10 لاکھ روپے بیلنس موجود ہے۔
ضلع اکاؤنٹس آفس کے ریکارڈ میں مالی سال 2026-27 کے لیے اسکیم کے تحت 11,370,000 روپے یعنی 1 کروڑ 13 لاکھ 70 ہزار روپے بجٹ میں مختص کیے گئے ہیں، تاہم اس مد میں ریلیز صفر، اخراجات صفر اور مکمل رقم بیلنس میں ظاہر کی گئی ہے۔
دستاویز کے اختتامی مجموعی کالم کے مطابق دونوں مالی سالوں میں مجموعی طور پر 12,370,000 روپے یعنی 1 کروڑ 23 لاکھ 70 ہزار روپے بجٹ میں مختص کیے گئے، جبکہ اب تک صرف 1,000,000 روپے یعنی 10 لاکھ روپے ریلیز ظاہر کیے گئے ہیں۔ اسی طرح کل اخراجات صفر درج ہیں۔
ضلع اکاؤنٹس آفس حب کی جانب سے جاری کردہ یہ ریکارڈ اس تاثر کی واضح نفی کرتا ہے کہ مذکورہ اسکیم کے لیے 19 کروڑ روپے جاری ہوچکے ہیں۔ سرکاری دستاویز میں 19 کروڑ روپے کی کوئی ریلیز ظاہر نہیں کی گئی، بلکہ موجودہ مالی ریکارڈ کے مطابق صرف 10 لاکھ روپے ریلیز ہوئے ہیں۔
سرکاری ریکارڈ سے یہ امر بھی واضح ہوتا ہے کہ 38 کروڑ روپے اسکیم کی مجموعی تخمینہ لاگت ہے، نہ کہ اب تک جاری ہونے والی رقم۔ بجٹ میں مختص رقم، اصل ریلیز اور اخراجات تین مختلف مالی مراحل ہیں، جنہیں ایک دوسرے کے مترادف قرار دینا درست نہیں۔
ضلع اکاؤنٹس آفس حب کی مہر اور مجاز افسر کے دستخط کے ساتھ موجود یہ دستاویز اس امر کا سرکاری ثبوت ہے کہ اسکولوں کی مذکورہ اسکیم کے حوالے سے 19 کروڑ روپے جاری ہونے کا دعویٰ دستیاب اکاؤنٹس ریکارڈ سے ثابت نہیں ہوتا۔
لہٰذا ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں کسی بھی الزام یا دعوے کا جائزہ لیتے وقت سرکاری بجٹ، ریلیز اور اخراجات کے اصل ریکارڈ کو سامنے رکھنا ضروری ہے، تاکہ عوام کو درست اور مستند معلومات فراہم کی جاسکیں۔
