اسلام آباد فائیر بریگیڈ کی گاڑیاں کتنی پرانی ہیں؟ حیران کن انکشاف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پمز اسپتال کی نرسری میں 14 بچوں کے جھلس کر جاں بحق ہونے کے سانحے کے بعد اسلام آباد فائیر بریگیڈ کی گاڑیوں کے حوالے سے حیران کن انکشاف سامنے آگیا۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اسلام آباد فائیر بریگیڈ کی گاڑیاں 20 سال پرانی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، یہ گاڑیاں 2006 میں آخری بار خریدی گئی تھیں۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ چین نے اسلام آباد کیلیے 21 جدید فائر اینڈ ریسکیو گاڑیوں کا تحفہ دیا جس کی مالیت 72.31 ملین چینی یوآن (تقریباً 3 ارب روپے) ہے، اسلام آباد کو بلند عمارات میں ریسکیو کیلیے جدید اسنارکل فائرٹینڈر بھی ملے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ نئی فائر گاڑی تقریباً 88 میٹر بلندی تک ریسکیو آپریشن کر سکے گی جبکہ اسلام آباد کے موجودہ فائر ٹینڈر صرف 68 میٹر تک رسائی رکھتے ہیں، فائر بریگیڈ کی نئی گاڑیاں ستمبر میں پاکستان پہنچ جائیں گی، سی ڈی اے فائر ڈپارٹمنٹ میں آخری بڑی خریداری 2006 میں ہوئی تھی۔

2024 کے پاک چین ایم او یو کے تحت اسلام آباد کو جدید فائر گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، نئی گاڑیوں سے بلند عمارات میں آگ اور ریسکیو آپریشن مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

WhatsApp
Get Alert