کوئٹہ میں زیرِ زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک کم، پانی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا
واسا ملازمین اور ٹریکٹر مافیا کی مبینہ ملی بھگت، درجنوں ٹیوب ویلز کو مصنوعی طور پر خراب کرنے کا انکشاف

غیر قانونی ٹیوب ویلز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور پانی کی منصفانہ تقسیم کا نظام وضع کیا جائے: عوامی حلقوں کا مطالبہ
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) کوئٹہ شہر میں زیرِ زمین پانی کی سطح انتہائی نیچے چلی جانے کے باعث پانی کا بحران سنگین ہوگیا ہے، واسا کے متعدد ٹیوب ویلز کی مبینہ خرابی اور پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ عوامی حلقوں نے غیر قانونی ٹیوب ویلز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور پانی کی فراہمی کا نظام بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ عوامی حلقوں کے مطابق کوئٹہ میں زیرِ زمین پانی کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے مقابلے میں دستیاب وسائل انتہائی محدود ہوچکے ہیں، جبکہ غیر قانونی ٹیوب ویلز کے ذریعے زیرِ زمین پانی کے بے دریغ استعمال سے صورتحال مزید تشویشناک بنتی جا رہی ہے شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں‘علمدارو روڈ ،سرکی روڈ ،پشتون آباد اور دیگر علاقوں میں واسا کے پائپ لائن میں کئی مہینوں سے پانی نہیں آرہی ہے اور واسا کے متعدد ٹیوب ویلز مبینہ طور پر مصنوعی طریقے سے خراب کیے گئے ہیں، جس کے باعث پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں پانی کی قلت کے بعد ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے، تاہم پانی کی ترسیل کے نظام میں شفافیت نہ ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے عوامی حلقوں نے ٹریکٹر مافیا اور واسا کے ملی بھگت کی بھی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی سرکاری اہلکار یا واسا کے ملازم کی غفلت، ملی بھگت یا غیر قانونی سرگرمیوں میں معاونت ثابت ہو تو اس کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے انہوں نے کہا کہ پانی جیسی بنیادی ضرورت کو کاروبار یا منافع کا ذریعہ بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ حکومت اور واسا کو چاہیے کہ شہر میں قائم تمام ٹیوب ویلز کا مکمل سروے کیا جائے، غیر قانونی ٹیوب ویلز کے خلاف کارروائی کی جائے اور خراب ٹیوب ویلز کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں پانی کی تقسیم کا شفاف نظام تشکیل دیا جائے اور ان علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر پانی فراہم کیا جائے جہاں شہری کئی کئی دنوں سے پانی سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو زیرِ زمین پانی کی سطح میں مسلسل کمی کو روکنے کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کرنا ہوگی، بصورت دیگر آنے والے دنوں میں کوئٹہ کا پانی کا بحران مزید سنگین ہوسکتا ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، محکمہ پی ایچ ای اور واسا کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر شہر میں پانی کی فراہمی، ٹیوب ویلز کی خرابی اور مبینہ غیر قانونی پانی کے کاروبار کی شفاف تحقیقات کرائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے۔
