پاک، چین دوستی کو ڈیٹا، ٹیکنالوجی اور جدت کے نئے دور میں داخل کرنا چاہتے ہیں: وزیر اعلیٰ مریم نواز

بیجنگ ( قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ، مضبوط اور باہمی احترام پر قائم ہے، اب اس دوستی کو ڈیٹا، ٹیکنالوجی اور جدت کے نئے دور میں داخل کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیجنگ میں پارٹی سیکرٹری ہی ژونگ یو سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک، چین تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
انٹرنیشنل بگ ڈیٹا ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کا مرکز بنانا چاہتے ہیں۔ پنجاب حکومت ڈیجیٹل تبدیلی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، پنجاب کے نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اور ہنرمند ہیں، انہیں جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم اور ضروری مہارتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
’’24نیوز ‘‘ کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل انقلاب دنیا کی معیشتوں کی سمت تبدیل کر رہا ہے جبکہ ڈیجیٹل معیشت روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، اے آئی اور بگ ڈیٹا مستقبل کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ پنجاب میں مصنوعی ذہانت کو تعلیم، صحت، زراعت اور حکومتی امور سمیت مختلف شعبوں میں بروئے کار لایا جا رہا ہے، جبکہ چین کی تیز رفتار ڈیجیٹل ترقی پاکستان کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے گویژو میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی پیشرفت کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبے میں تعاون مزید بڑھائے گا، پنجاب زرعی شعبے کے لیے ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے اور صوبے میں زراعت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔ پنجاب تمام صوبوں کے لیے فوڈ باسکٹ کا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے چینی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پنجاب میں ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
