پشین آل پارٹیز کی سرانان پولیس تھانے پر حملے اور مسافروں کے قتل کی شدید مذمت؛ 4 ستمبر کو جلسہ اور 7 ستمبر کو ریلی کا اعلان

آل پارٹیز اور انجمن تاجران کا نمائندہ اجلاس، دہشت گردی اور بدامنی کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ

عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، تمام سیاسی جماعتوں اور تاجر برادری کی احتجاجی پروگراموں میں بھرپور شرکت کی اپیل

پشین (ڈیلی قدرت کوئٹہ) آل پارٹیز ضلع پشین اور انجمن تاجران کا نمائندہ اجلاس پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان کی زیرِ صدارت پشتونخوا میپ کے ضلعی دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں گزشتہ دنوں سرانان پولیس تھانے پر حملے اور سرانان میں چھ غریب مسافروں کو شہید کرنے کے دہشت گردانہ واقعات کی شدید مذمت کی گئی اور حکومت و اس کے متعلقہ اداروں پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کے ایسے عوام دشمن واقعات کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں ہر قسم کی دہشت گردی، بدامنی اور لاقانونیت کی مذمت کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں 4 ستمبر کو سہ پہر 4 بجے سرانان بازار میں احتجاجی جلسہ منعقد ہوگا، جبکہ 7 ستمبر کو سہ پہر 3 بجے پشین بازار میں امن احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جس کے بعد احتجاجی جلسۂ عام ہوگا۔ بیان میں ضلع پشین کے تمام عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان احتجاجی پروگراموں میں بھرپور شرکت کرکے ضلع پشین میں ہر قسم کی دہشت گردی، بدامنی اور لاقانونیت کے خاتمے اور پائیدار امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور آواز بلند کریں۔ تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان احتجاجی پروگراموں میں عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے رابطہ مہم مزید تیز کریں۔ اجلاس میں پشتونخوا میپ کے ضلعی صدر عمر خان ترین، سیکرٹری حاجی اکبر خان، علی محمد کلیوال، جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر مولوی کمال الدین، سیکرٹری جنرل سید محمد آغا، ملک محمد یوسف کاکڑ، عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر حاجی اصغر علی ترین، تحریکِ انصاف کے ضلعی صدر شاہنواز کھرل، قمر جمال، حاجی محمد، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے پیر حمداللہ، محمد انور وحدت، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر شیر محمد ترین، مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر علی اللہ، انجمن تاجران مرکزی کے صدر ملک بہادر خان ترین، اکرام خان، سید عبدالباری آغا، انجمن تاجران امرالدین آغا گروپ کے صدر نصیب اللہ کلیوال اور ملک محیب اللہ نے شرکت کی۔

WhatsApp
Get Alert