’ملکی سیاست نے انگڑائی لینا شروع کردی، حکومت سمٹتی جارہی ہے‘


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف کالم نگار اور سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے اپنے تازہ ترین تجزیے میں ملکی سیاسی صورتحال کو سانپ اور سیڑھی کا کھیل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بظاہر طاقت کے زور پر سیاست و مزاحمت ختم دکھائی دیتی ہے لیکن تاریخ گواہ ہے کہ نظام کی یہی سختی متبادل قیادت کو جنم دیتی ہے۔ اس حوالے سے اپنے کالم میں سہیل وڑائچ نے لکھا کہ ملکی سیاست کا حال اس وقت انتہائی ابتر ہے اور اگر موجودہ حالات کو زیرو کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، بظاہر سیاست، مزاحمت، بغاوت، جدوجہد، انسانی حقوق اور عدالتی مداخلت سب کچھ زیرو ہو چکا ہے، اور دور دور تک کسی جمہوری چشمے سے میٹھا پانی نکلنے کی امید نظر نہیں آتی، تاہم یہ حقیقت کا صرف ایک رخ ہے۔

تاریخ بتاتی ہے کہ جب چیونٹیوں کی ایک کھیپ مسل دی جاتی ہے تو کیڑیوں کی متبادل کھیپ ان کی جگہ لینے کو تیار کھڑی ہوتی ہے، فیلڈ مارشل ایوب خان نے سہروردی، فیروز خان نون اور کھوڑو جیسے بڑے سیاستدانوں کو پروڈا کی تلوار سے خاموش کروا دیا تھا، لیکن اسی نظام کے بطن سے ذو الفقار علی بھٹو اٹھ کھڑا ہوا اور بالآخر ایوب خان کو رخصت ہونا پڑا، کیڑیوں کو حقیر سمجھنے والے بھول جاتے ہیں کہ یہ حقیر مخلوق ہاتھیوں کو گرانے پر قادر ہے۔
سینئر تجزیہ کار نے دعویٰ کیا کہ ملکی سیاست نے ایک بار پھر انگڑائی لینا شروع کر دی ہے اور ہر روز ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں جن سے حکومت کا دائرہ اختیار سمٹتا جا رہا ہے، پاک بھارت کشیدگی، امریکہ سے روابط یا مڈل ایسٹ میں سفارتی کردار کے باعث حکومت کو جو وقتی ریلیف اور سہارا ملا تھا، وہ اب خاک میں مل چکا ہے، حالات اتنی تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں کہ ملکی سیاست اب ایک حتمی اور فیصلہ کن مرحلے کے بالکل قریب پہنچ چکی اور تاریخ کے سبق ان لوگوں کے لیے ہیں جو وقت رہتے انہیں سمجھ لیں۔

WhatsApp
Get Alert