فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے، اس موقع پر دفاعی تعاون اور علاقائی سکیورٹی پر بات چیت متوقع ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ ترکیہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔

دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، عسکری روابط اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال سمیت مختلف اہم معاملات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں جبکہ دفاعی شعبے میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور روابط کا سلسلہ جاری ہے۔

دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مشترکہ مشقوں، تربیتی پروگراموں اور مختلف سطحوں پر رابطوں کے ذریعے دفاعی تعاون کو فروغ دیا جاتا رہا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ ترکیہ سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پر پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ ترکیہ پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ دفاعی معاہدے کی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل استنبول میں ہوگا، جس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک وزارتِ خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے اعلیٰ حکام رواں ماہ طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلی کمیٹی کے اجلاس کے لیے پیر کے روز استنبول میں جمع ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert