آواران میں آپریشن ردّ الفتنہ 3 کی کامیابی قابل تحسین، 4 خوارج کی ہلاکت مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہے: میر سرفراز بگٹی

دہشتگردوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے


پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رہیں گی، قوم کی اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی: وزیر اعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آواران میں آپریشن ردّ الفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار خوارج کا جہنم واصل ہونا دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مطابق مصدقہ اطلاعات پر کارروائی اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں عسکری سامان اور آلات کی برآمدگی اہم کامیابی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز پوری قوت اور عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن کے دشمنوں کو مسترد اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر اہلکار ملک و قوم کے تحفظ کے لیے قابل فخر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert