عماد وسیم کی سابق اہلیہ کے سنگین دعوے، شادی، علیحدگی اور بے وفائی پر پہلی بار خاموشی توڑ دی

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق نے ایک انٹرویو میں اپنی ازدواجی زندگی، علیحدگی اور مبینہ بے وفائی سے متعلق پہلی بار تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کئی اہم دعوے کیے ہیں۔

ثانیہ اشفاق کا کہنا تھا کہ وہ اپنے تیسرے بچے کے حمل کے دوران بھی شوہر کی جانب سے مشکلات کا سامنا کرتی رہیں۔ ان کے مطابق عماد وسیم انہیں اور بچوں کو انگلینڈ لے گئے، جہاں انہیں اپنی والدہ کے گھر چھوڑ کر کہا گیا کہ دونوں کو کچھ عرصے کے لیے ایک دوسرے سے دور رہنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعد ازاں عماد وسیم نے علیحدگی کا فیصلہ سنایا، جبکہ وہ تین بچوں کے ساتھ اپنی والدہ کے گھر مقیم تھیں۔ ثانیہ اشفاق کے مطابق اسی دوران عماد وسیم مبینہ طور پر سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ کے ساتھ تعلق میں تھے۔

ثانیہ اشفاق نے مزید کہا کہ جب مبینہ تعلقات کی خبریں سامنے آئیں تو انہیں متعدد افراد کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے، تاہم ان کے مطابق اس تمام صورتحال کی ذمہ داری صرف نائلہ راجہ پر نہیں بلکہ عماد وسیم پر بھی عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی طلاق کا نوٹس ملنے کے باوجود وہ پاکستان واپس آئیں اور امید تھی کہ نومولود بچے کو دیکھنے کے بعد معاملات بہتر ہو جائیں گے، لیکن ایسا نہ ہو سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آخری وقت تک شادی بچانے کی کوشش کی، مگر عماد وسیم نے رشتہ برقرار رکھنے میں دلچسپی نہیں دکھائی۔

واضح رہے کہ یہ تمام الزامات اور دعوے ثانیہ اشفاق نے اپنے انٹرویو میں کیے ہیں۔ اس خبر میں عماد وسیم یا نائلہ راجہ کا مؤقف شامل نہیں ہے، اس لیے ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

WhatsApp
Get Alert