خواتین کے خوابوں کو پر لگ گئے، مفت الیکٹرک اسکوٹی اسکیم کا دائرہ بڑھا دیا گیا

کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے منصوبے کے تحت آئندہ مرحلے میں میرپورخاص میں پنک الیکٹرک اسکوٹیز تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ پنک الیکٹرک اسکوٹی پروگرام کے تربیتی مرحلے کے لیے 50 ہزار سے زائد خواتین درخواستیں دے چکی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین اس منصوبے میں بھرپور دلچسپی لے رہی ہیں۔

شرجیل میمن کے مطابق سندھ حکومت اب تک 2 ہزار سے زائد خواتین کو ڈرائیونگ اور اسکوٹی چلانے سے متعلق تربیت فراہم کر چکی ہے، جبکہ تربیتی پروگرام کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد سمیت مختلف شہروں میں جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد زیادہ سے زیادہ خواتین کو محفوظ طریقے سے اسکوٹی چلانے کے قابل بنانا ہے تاکہ انہیں آمدورفت میں آسانی، خود اعتمادی اور معاشی مواقع حاصل ہوسکیں۔

سینئر وزیر کے مطابق پروگرام کے پہلے مرحلے میں 925 جبکہ دوسرے مرحلے میں 476 اسکوٹیز مختص کی گئیں۔ اب تک 810 سے زائد پنک الیکٹرک اسکوٹیز خواتین میں مفت تقسیم کی جاچکی ہیں، جن میں کراچی کی 410، سکھر کی 200 اور حیدرآباد کی 200 اسکوٹیز شامل ہیں۔

سندھ حکومت کے مطابق پنک الیکٹرک اسکوٹی پروگرام کو صوبے کے مزید علاقوں تک وسعت دی جا رہی ہے اور اگلے مرحلے میں میرپورخاص کی خواتین کو بھی اس سہولت میں شامل کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert