مصطفیٰ کمال کی بات ایک کان سے سنتا ہوں اور دوسرے سے نکال دیتا ہوں، مرتضیٰ وہاب

کراچی(قدرت روزنامہ) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال کی بات ایک کان سے سنتا ہوں اور دوسرے سے نکال دیتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مصطفیٰ کمال کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال ماضی میں بڑی بڑی باتیں کرتے رہے ہیں، ان کی بات کو سنجیدہ لینے کا فیصلہ عوام کریں گے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کبھی کہتے تھے کہ پتنگ بانی کی علامت ہے، جبکہ خالد مقبول صدیقی کے بارے میں بھی سوالات اٹھاتے رہے کہ وہ کس کے ایجنٹ ہیں، لیکن بعد میں خود اسی جماعت میں شامل ہوگئے اور فارم 47 کے ذریعے وزیر بن گئے۔
انھوں نے کہا کہ جو شخص اپنے ہی چیئرمین کے بارے میں کہتا رہا ہو کہ وہ ایک کال کی مار ہیں، اسے سنجیدہ کیسے لیا جاسکتا ہے؟ مصطفیٰ کمال کی بات ایک کان سے سنتا ہوں اور دوسرے سے نکال دیتا ہوں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ صوبوں کے فیصلے اورنگی یا بہادرآباد کے جلسوں میں نہیں بلکہ اسمبلی میں ہوں گے، سندھ کے مستقبل کا فیصلہ مصطفیٰ کمال نہیں بلکہ عوام کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصطفیٰ کمال میئر کو بااختیار بنانے کی بات کرتے ہیں، تو پھر یہ بھی بتائیں کہ 22 گریڈ کے افسر سے کراچی میں کام کیوں کراتے ہیں؟
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ اگر آج مصطفیٰ کمال کو میئر کراچی بنا دیا جائے تو وہ کہیں گے کہ سارے اختیارات مجھے دے دو، اور اگر میئر مرتضیٰ وہاب ہے تو کراچی کو اسلام آباد سے چلایا جائے، یہ سوچ درست نہیں۔
انھوں نے کہا کہ وہ آئین اور قانون دوست آدمی ہیں اور کراچی سے خوف کے سائے ختم کرکے اسے روشنی کا شہر بنانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے واضح کیا کہ کراچی اور سندھ کے سیاسی مستقبل کے فیصلے بیانات یا جلسوں سے نہیں بلکہ عوام اور منتخب اسمبلی کے ذریعے ہوں گے۔
