بیرون ملک سے موبائل فون لانے والے پاکستانیوں کےلیے اہم خبر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ نے درآمد شدہ موبائل فونز پر عائد ٹیکسز کے معاملے کا جائزہ لیتے ہوئے فوری طور پر ٹیکس کم کرنے کی سفارش کردی۔

تفصیلات کے مطابق رانا محمود الحسن کی زیرِ صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے اجلاس میں درآمد شدہ موبائل فونز کی قیمتوں کے تعین اور ٹیکسز کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں کمیٹی نے کسٹمز حکام کو درآمد شدہ موبائل فونز پر ٹیکسز سے متعلق مؤثر میکنزم تیار کرنے کی ہدایت کی اور ایف بی آر و ٹیرف کمیشن سے موبائل فونز پر ٹیکس کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔

حکام ایف بی آر نے کمیٹی کو بتایا کہ ٹیکس لگانا یا ختم کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے، جبکہ پی ٹی اے حکام کے مطابق پاکستان میں 35 کمپنیاں اسمارٹ فونز تیار کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں : موبائل فون خریدتے ہوئے ایک چیز ضرور دیکھ لیں، ورنہ!! پی ٹی اے نے خبردار کردیا
سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ اس بات پر بھی غور کرنا ہوگا کہ موبائل فونز پر ٹیکس عائد کرنا چاہیے یا نہیں، سینیٹر سعدیہ عباسی نے کہا کہ حکومت محصولات عائد کرکے عوام کے لیے مشکلات پیدا کررہی ہے اور استحصال کے بجائے کاروبار میں سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔

دوسری جانب سیکریٹری کابینہ کامران علی نے موبائل فونز پر سیلز ٹیکس عائد کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں ہمارے نظام میں انقلاب برپا کررہی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert