بلاول بھٹو کی شادی، پی پی چیئرمین نے خود وضاحت کردی

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یورپی ملک آسٹریلیا میں بات پکی اور شادی سے متعلق خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ پمز پر پردہ ڈالنے کیلیے یہ سب تماشہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو روز سے خبریں زیر گردش تھیں کہ صدر مملکت، پی پی قیادت اور دیگر خاندان کے اہم افراد آسٹریا میں ہیں جہاں بلاول بھٹو کے رشتے کی بات پکی کی جارہی ہے۔
دعویٰ کیا جارہا تھا کہ بلاول بھٹو کیلیے جس لڑکی کا انتخاب کیا گیا ہے اُس کا نام پرنسز گلوریا ہے۔ ان خبروں کو اہمیت اُس وقت بھی ملی جب بلاول بھٹو خود بھی پاکستان سے یورپی ملک کیلیے روانہ ہوئے۔
اب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خود ہی ان خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا نے میری منگنی اور شادی کروادی جبکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے حوالے سے کسی بھی قسم کی خبر خاندان کی جانب سے جاری کی جائے گی۔
بلاول بھٹو کا ماننا ہے کہ سوشل میڈیا پر اُن کی منگنی یا شادی کی خبر سانحہ پمز پر پردہ ڈالنے کیلیے چلوائی گئی جبکہ انہوں نے وفاقی وزیر صحت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انتظامی یونٹس کے مطالبے پر بھی بات کی۔
بلاول بھٹو نے ساتھ میں کہا کہ سندھ اسمبلی نے انتظامی یونٹس کے حوالے سے بہت دلیرانہ مؤقف اختیار کیا ہے جبکہ کاروباری شخصیات کے ساتھ ملکر ایک وفاقی وزیر ملک کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی بات کررہا ہے۔
پی پی چیئرمین نے عوام سے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر جاری تماشے کو نظر انداز کریں اور اصل مسائل کو اجاگر کریں۔ آخر میں انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ میری نجی زندگی سے متعلق کسی بھی قسم کے فیصلے کا اعلان خاندان کی جانب سے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آنے پر ترجمان بلاول بھٹو اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا تھا۔
