راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش، نشیبی علاقے زیر آب، نالہ لئی میں پانی کی سطح میں اضافہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 160 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اسلام آباد سے بڑا سیلابی ریلا راولپنڈی میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
واسا حکام کے مطابق نیو کٹاریاں 112، شمس آباد 75 ، پیرودھائی 50 ، سیدپور 60، گولڑہ 106، پی ایم ڈی میں 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
راولپنڈی میں تیز بارش کے باعث ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
واسا حکام کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پرپانی کی سطح 24 فٹ سے تجاوز کر گئی، گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کی سطح 17 فٹ ہوگئی ہے۔
نالہ لئی کے اطراف آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہے۔
موسلادھار بارش کی وجہ سے راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق راولپنڈی کے سرکاری ونجی تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔
