فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی استنبول میں اعلیٰ سطح ملاقاتیں

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے استنبول میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کےامور، دوطرفہ دفاعی تعاون ،علاقائی سیکیورٹی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کا اہم دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے استنبول میں اعلیٰ سطح کی اہم ملاقاتیں کی ہیں۔
دورے کے دوران انہوں نے سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، ترک وزیرِ خارجہ، ترک وزیرِ دفاع اور ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بائرکتار اوغلو سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سید عاصم منیر نے مکہ معاہدے کے تحت منعقدہ اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے نمائندوں نے حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک رابطہ کاری اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اس کے ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
