ہنگو میں جے یو آئی کے سابق تحصیل ناظم سمیت 3 افراد قتل

ہنگو(قدرت روزنامہ) تھانہ ٹل میں دو فریقین کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں جے یو آئی کے سابق تحصیل ناظم سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں تھانہ ٹل کی حدود میں تعمیراتی تنازع پر دو فریقین کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں جے یو آئی کے سابق تحصیل ناظم سمیت تین افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) طارق حبیب کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ ہنگو کے علاقے چھپری وزیران میں پیش آیا، جہاں بنیادی صحت کے مرکز (بی ایچ یو) اسپتال کی تعمیر پر فریقین کے درمیان طویل عرصے سے تنازع چلا آ رہا تھا۔

اسی تنازع کی رنجش پر دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں تینوں افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

پولیس حکام نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے اس تبادلے میں ایک فریق کے دو افراد جبکہ دوسرے فریق کا ایک شخص قتل ہوا، جبکہ دوسرے فریق کا ایک اور شخص زخمی بھی ہوا ہے۔

جاں بحق ہونے والوں میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سابق تحصیل ناظم پیاو زار بھی شامل ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

پولیس نے لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کر کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

WhatsApp
Get Alert