اسلام آباد ایف ایٹ بابر سینٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی

فرسٹ فلور پر قائم کلینک میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیل گئی، فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے میں مصروف


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مصروف ترین تجارتی مرکز ایف ایٹ مرکز کے ایک پلازہ میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے عمارت کی پہلی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاعات کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ ایف ایٹ مرکز میں واقع بابر سنٹر میں پیش آیا، آگ پلازہ کی پہلی منزل پر قائم ایستھیٹک سکن کیئر کلینک میں لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے کلینک کو دھویں اور شعلوں کی لپیٹ میں لے لیا۔
بتایا گیا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا، فائر فائٹرز کی متعدد گاڑیاں شعلوں پر قابو پانے کے لیے مسلسل پانی کا چھڑکاؤ کر رہی ہیں اور آگ کو پلازہ کی دیگر دکانوں و دفاتر تک پھیلنے سے روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔


معلوم ہوا ہے کہ ریسکیو ٹیموں نے فوری اقدام کرتے ہوئے البابر سنٹر اور آس پاس کی عمارتوں سے لوگوں کو محفوظ راستوں سے باہر نکالنا شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے، ابتدائی طور پر آگ لگنے کی کیمیائی یا شارٹ سرکٹ کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، جبکہ پولیس اور انتظامہ بھی موقع پر موجود ہے تاکہ ٹریفک اور بھیڑ کو کنٹرول کیا جا سکے، فائر حکام کے مطابق جلد ہی آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert