چاغی میں مسلح افراد کی ناکہ بندی، کوئٹہ سے دالبندین جانے والے 2 ٹرک نذرِ آتش

چاغی (قدرت روزنامہ)ضلع چاغی کے علاقے چارسر کے قریب این-40 شاہراہ پر مسلح افراد نے ناکہ بندی کرکے کوئٹہ سے دالبندین جانے والے دو شہری ٹرکوں کو آگ لگا دی۔ذرائع کے مطابق مسلح افراد موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور ان کی تعداد 7 سے 8 بتائی جاتی ہے۔ مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ قائم کرکے ٹرکوں کو روکا اور بعد ازاں انہیں نذرِ آتش کردیا۔واقعہ دالبندین سے تقریبا 62 کلومیٹر مشرق میں این-40 شاہراہ پر چارسر کے قریب پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و تشویش کی فضا پیدا ہوگئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی جانب پیش قدمی شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق علاقے کی کلیئرنس اور مزید کسی ناخوشگوار کارروائی کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع تاحال سامنے نہیں آئی۔
