ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کے لیے فیسوں کے حوالے سے بڑی خبر

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک پولیس نے بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکل چلانے اور گاڑی ڈرائیو کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کردیا ہے جبکہ کار اور موٹر سائیکل کے ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق قانون کے تحت موٹر سائیکل اور گاڑی چلانے کے لیے درست ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا لازمی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
پنجاب حکومت نے شہریوں کی سہولت کے لیے صوبے بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا عمل آسان بنایا ہے۔ لائسنس حاصل کرنے کے لیے پہلے لرنر پرمٹ بنوانا ضروری ہے، جس کے بعد مقررہ مدت مکمل ہونے پر متعلقہ ڈرائیونگ لائسنس سینٹر میں تھیوری اور عملی امتحان دینا ہوتا ہے۔
امتحان میں کامیابی کے بعد مقررہ فیس کی ادائیگی پر مستقل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔
کار ڈرائیونگ لائسنس کی فیس
ستمبر 2026 کے لیے ایک سالہ کار ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی مجموعی فیس 1,980 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس میں ٹیسٹ فیس 150 روپے، ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد فیس 1,350 روپے جبکہ کوریئر چارجز 480 روپے شامل ہیں۔
موٹر سائیکل لائسنس کی فیس
موٹر سائیکل کے ایک سالہ ڈرائیونگ لائسنس کے لیے ٹیسٹ فیس 50 روپے، ٹیسٹ کے بعد فیس 450 روپے جبکہ کوریئر چارجز 480 روپے ہیں۔ اس طرح موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کی مجموعی فیس 980 روپے بنتی ہے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے صوبے بھر میں کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس سختی سے چیک کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے واضح کیا کہ بغیر درست ڈرائیونگ لائسنس کمرشل گاڑیوں کو پنجاب کی سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کے مطابق رواں ماہ پنجاب بھر میں 60 ہزار سے زائد شہریوں کو کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت فراہم کی گئی، جبکہ ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق 3,400 سے زائد ریگولر کمرشل ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے خبردار کیا کہ بغیر لائسنس مال بردار اور مسافر گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور کسی ڈرائیور کو انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert