لیونل میسی نے دو دہائیوں پر محیط کیریئر میں کتنی دولت کمائی؟ حیران کن اعداد و شمار سامنے آگئے

ارجنٹائن (قدرت روزنامہ)ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ لیجنڈری فٹبالر لیونل میسی نے اپنے دو دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر میں نہ صرف بے شمار اعزازات حاصل کیے بلکہ بے پناہ دولت بھی کمائی ، بارسلونا سے انٹر میامی تک جاری رہنے والے اس سفر میں میسی کی آمدنی میں کتنا اضافہ ہوا اور ریٹائرمنٹ کے وقت ان کی مجموعی دولت کتنی تھی؟ اعداد و شمار جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔
39 سالہ لیونل میسی نے 2005ء میں ارجنٹائن کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلا تھا، اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران انہوں نے 207 میچز میں 125 گول کیے۔
فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین اور امیر ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے میسی نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران 1 ارب ڈالرز سے زائد کی دولت کمائی۔
میسی نے 31 اگست 2026ء کو ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے اور ان کی قیادت میں ارجنٹائن نے 2021ء کا کوپا امریکا، 2022ء کا فیفا ورلڈ کپ اور 2024ء کا کوپا امریکا اپنے نام کیا۔
فٹبال، اشتہارات اور اسپانسرشپس سے اربوں ڈالر کی آمدنی
فوربز کی رپورٹ کے مطابق لیونل میسی نے اپنے پورے کیریئر میں مجموعی طور پر تقریباً 1.8 ارب ڈالرز کمائے، جس میں فٹبال سے حاصل ہونے والی آمدنی کے ساتھ اشتہارات، اسپانسر شپس اور دیگر کاروباری معاہدوں سے حاصل ہونے والی رقم بھی شامل ہے۔
ریٹائرمنٹ کے وقت میسی کی مجموعی دولت کا تخمینہ تقریباً 1.1 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے، جس کے باعث وہ ان چند فٹبالرز میں شامل ہو گئے ہیں جو کھیل میں فعال رہتے ہوئے ارب پتی بنے۔
میسی کی دولت کا بڑا حصہ اسپین کے معروف کلب بارسلونا کے ساتھ ان کے غیر معمولی دور سے حاصل ہوا۔
نو عمری میں بارسلونا کی پہلی ٹیم کا حصہ بننے کے بعد میسی نے کلب کے ساتھ 17 سیزن گزارے، اس دوران انہوں نے 10 لالیگا ٹائٹلز اور 4 چیمپئنز لیگ ٹرافیاں بھی اپنے نام کیں ۔
لیونل میسی نے 2021ء میں بارسلونا کو الوداع کہا اور اس کے بعد پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ 2 سیزن کھیلے ، سال 2023 میں انہوں نے انٹر میامی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے میجر لیگ سوکر کا رخ کیا۔
فوربز کے مطابق 2026ء میں میسی کی آمدنی تقریباً 140 ملین ڈالرز رہی، جو تقریباً برابر حصوں میں میدان کے اندر فٹبال سے حاصل ہونے والی آمدنی اور میدان سے باہر اشتہارات و دیگر تجارتی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی آمدنی پر مشتمل تھی۔
میسی کی کہانی صرف فٹبال کی کامیابیوں تک محدود نہیں رہی ، اس دو دہائیوں پر محیط شاندار سفر نے انہیں کھیل کی دنیا کے ساتھ ساتھ کاروبار اور دولت کے میدان میں بھی ایک منفرد مقام دلا دیا۔
