پاکستانی مارکیٹ میں ڈالر سستا اور عالمی منڈی میں تیل مہنگا، کرنسی و آئل مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ

کراچی (قدرت روزنامہ) منگل کے روز انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں پاکستانی روپے نے امریکی ڈالر کے مقابلے میں اپنی معمولی برتری کو برقرار رکھا جبکہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور امریکی ڈالر کی قدر میں سستی دیکھی گئی۔

انٹربینک میں پاکستانی روپیہ ایک پیسے کے معمولی اضافے کے بعد 277.46 روپے پر بند ہوا جبکہ گزشتہ روز (پیر کو) ڈالر 277.47 روپے پر بند ہوا تھا۔ منگل کو انٹربینک میں ڈالر کی خرید(بِڈ) 277.46 روپے اور فروخت (آفر) 277.66 روپے رہی۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں روپیہ خرید کے لحاظ سے 2 پیسے اور فروخت کے لحاظ سے 3 پیسے مضبوط ہوا جس کے بعد ڈالر بالترتیب 278.33 روپے اور 279.18 روپے پر بند ہوا۔

ادھر روپے کے مقابلے یورو خرید میں 16 پیسے اور فروخت میں 17 پیسے مہنگا ہو کر بالترتیب 321.57 روپے اور 324.55 روپے کا ہو گیا۔ اماراتی درہم خرید کے لحاظ سے ایک پیسہ سستا ہو کر 75.65 روپے کا ہوا جبکہ فروخت کی قیمت 76.29 روپے پر مستحکم رہی۔

فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کی جانب سے ستمبر میں شرح سود میں اضافے کے اشارے کے بعد ڈالر انڈیکس معمولی کمی کے ساتھ 99.37 پر آ گیا۔ جاپانی ین 160 فی ڈالر کی سطح کے قریب مستحکم رہا۔ یورو معمولی اضافے کے ساتھ 1.1623 ڈالر اور برطانوی پاؤنڈ 1.35575 ڈالر پر ٹریڈ ہوا۔

امریکا اور ایران کے درمیان تناؤ کے باعث مشرق وسطیٰ سے سپلائی متاثر ہونے کے خدشات پر منگل کے روز خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 2 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ برینٹ کروڈ: 1.72 ڈالر (1.9 فیصد) کے اضافے کے بعد 92.21 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔

WhatsApp
Get Alert