نہیں بتا سکتے احتجاج میں کتنے لاکھ افراد نکلیں گے،پی ٹی آئی کا آئندہ احتجاج 26 نومبر سے بھی بڑا شو ہوگا، جنید اکبر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر کا کہنا ہے کہ یہ نہیں بتا سکتے کہ کتنے لاکھ افراد احتجاج میں شریک ہوں گے تاہم امید ہے کہ بہت بڑی تعداد میں لوگ نکلیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پارٹی کا آئندہ احتجاج 26 نومبر سے بھی بڑا شو ہوگا، بڑی تعداد میں کارکنوں کے نکلنے کی امید ہے۔ہم نے بہت کوشش کی کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان فاصلے کم ہوں، لیکن بدقسمتی سے حکومت نے ہمارے ساتھ درست رویہ نہیں رکھا۔پی ٹی آئی نے سیاسی عدم استحکام ختم کرنے کے لیے ہر حد تک کوشش کی، تاہم حکومت طاقت کے نشے میں ہے اور اسے ملک کی پرواہ نہیں۔ملک کے موجودہ حالات دیکھتے ہوئے حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، پارٹی نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا اور کارکنوں کو بھی پرامن رہنے کی تلقین کی۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو جتنا روک سکتے تھے، روکا، تاہم سہیل آفریدی اور پارٹی قیادت اس پوزیشن میں نہیں کہ احتجاج مؤخر کرسکیں۔یہ نہیں بتا سکتے کہ کتنے لاکھ افراد احتجاج میں شریک ہوں گے، تاہم امید ہے کہ بہت بڑی تعداد میں لوگ نکلیں گے۔احتجاج میں شرکت کرنے والوں کے لیے ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ کارکنوں کو کوشش کرنی چاہیے کہ ضروری سامان اپنے ساتھ لے کر آئیں۔اگر مطلوبہ مقصد حاصل نہ ہوسکا تو احتجاج میں آنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، امید ہے جس مقصد کے لیے آرہے ہیں وہ حاصل کرلیں گے۔
