نادرا اور وفاقی تعلیمی بورڈ کے درمیان اہم معاہدہ، طلبہ کیلیے بڑی خوشخبری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور وفاقی بورڈ برائے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیم نے ایک معاہدے پر دستخط کر دیے جس کے تحت میٹرک اور انٹرمیدیٹ کے امتحانات کیلیے طلبہ کی رجسٹریشن کے نظام کو مربوط بنایا جائے گا۔
معاہدے کے تحت ڈیٹا کے باہمی تبادلے کا ایک نظام وضع کیا گیا ہے جس کی بدولت نادرا اپنے ریکارڈ سے وفاقی تعلیمی بورڈ کو طلبہ کی اہم معلومات، مثلاً نام، ولدیت اور تاریخ پیدائش وغیرہ فراہم کرے گا۔
اس سے طلبہ کی رجسٹریشن کے دوران غلطیوں اور معلومات کے تضاد کے امکانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ درست اور قابلِ اعتماد تعلیمی اسناد کے اجراء کے باعث متعلقہ انتظامی امور میں بھی بہتری آئے گی۔
معاہدے کے تحت ایک ڈیجیٹل والٹ بھی بنایا جائے گا جس کے ذریعے طلبہ اپنی تعلیمی اسناد تک محفوظ رسائی حاصل کر سکیں گے اور انہیں ڈیجیٹل طریقے سے استعمال کر سکیں گے۔
یہ معاہدہ قومی شناخت اور قومی تعلیمی ریکارڈ کو مربوط بنانے سے متعلق نادرا کے پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کے تحت نادرا بتدریج ملک بھر کے بورڈز برائے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیم، جامعات اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ ڈیٹا کی ڈیجیٹل ترسیل کو مربوط بنانے کیلیے کام کر رہا ہے۔
معاہدے پر آج یہاں نادرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک اور چیئرمین نادرا بھی موجود تھے۔
