حادثات کو روکنے کیلئے بڑا فیصلہ، بڑی گاڑیوں پر پابندی لگ گئی

لاہور(قدرت روزنامہ)حادثات کی روک تھام اور سڑکوں پر غیر محفوظ و غیر قانونی گاڑیوں کی آمدورفت روکنے کے لیے لاہور کے داخلی راستوں پر کمرشل اور ہیوی گاڑیوں کی چیکنگ مزید سخت کردی گئی۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور کے مطابق شہر کے تمام اہم داخلی راستوں پر خصوصی چیکنگ کی جارہی ہے جبکہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس چلنے والی کمرشل گاڑیوں کا لاہور میں داخلہ روک دیا گیا ہے جبکہ کاغذات مکمل رکھنے والی گاڑیوں کے داخلے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی
سی ٹی او کے مطابق کارروائی کے دوران بغیر ترپال مٹی اور ریت لے جانے والی 108 ٹرالیاں پکڑی گئی ہیں۔ ایسی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا مقصد دورانِ سفر مٹی، ریت اور دیگر تعمیراتی سامان سڑکوں پر گرنے سے پیدا ہونے والے خطرات کو کم کرنا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ چلنے والی 210 بڑی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے جبکہ ہیوی مشینری بغیر لائسنس چلانے والے ڈرائیوروں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق بغیر لائسنس ہیوی مشینری چلانے والے 16 ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاہور کے داخلی راستوں پر چیکنگ کا مقصد صرف خلاف ورزیوں پر کارروائی کرنا نہیں بلکہ شہر میں داخل ہونے والی بڑی اور کمرشل گاڑیوں کی فٹنس، ڈرائیورز کے لائسنس اور حفاظتی تقاضوں کو یقینی بنانا بھی ہے۔
پنجاب ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پبلک سروس گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ قانونی طور پر لازم ہے، جبکہ فٹنس معائنہ میں ناکام ہونے والی گاڑی کو مرمت کے بعد دوبارہ معائنہ کرانا ہوتا ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق حادثات کی روک تھام کے لیے ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جارہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں و ڈرائیورز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور سڑکوں پر محفوظ ٹریفک نظام یقینی بنانے کے لیے قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی

WhatsApp
Get Alert