اگست کے دوران مہنگائی میں بڑا اضافہ ، ٹماٹر 128، پیاز 125 اور گندم 87 فیصد مہنگی

لاہور(قدرت روزنامہ)ملک میں مہنگائی نے ایک بار پھر عوام کی مشکلات بڑھا دیں، اگست کے دوران مہنگائی کی سالانہ شرح 11.2 فیصد تک پہنچ گئی جو ایک ماہ کے وقفے کے بعد دوبارہ ڈبل ڈیجٹ میں داخل ہوگئی۔ جولائی میں مہنگائی کی شرح 9.2 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

مہنگائی میں اضافے نے روزمرہ استعمال کی اشیاء خریدنے والے شہریوں پر ایک مرتبہ پھر بھاری بوجھ ڈال دیا ہے۔ گندم، آٹا، ٹماٹر، پیاز، دودھ اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں اضافے نے گھریلو بجٹ کا توازن بگاڑ دیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں ٹماٹر کی قیمت میں 128 فیصد، پیاز میں 125 فیصد، گندم میں 87 فیصد جبکہ آٹے کی قیمت میں 73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دودھ اور اس سے بنی مصنوعات بھی تقریباً 10 فیصد مہنگی ہوئیں۔

مہنگائی کا سب سے بڑا دباؤ خوراک کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی دیکھا گیا جہاں قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر 20.2 فیصد اضافہ ہوا۔ پٹرول اور ڈیزل کی بلند قیمتوں کے باعث ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کو بھی مہنگائی بڑھنے کی اہم وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اگست میں شہری علاقوں میں خوراک کی مہنگائی 12.1 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 13.2 فیصد تک پہنچ گئی۔ اسی طرح غیر غذائی مہنگائی شہری علاقوں میں 9.4 فیصد اور دیہی علاقوں میں 11.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب کچھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی۔ اعداد و شمار کے مطابق آلو کی قیمت میں 23 فیصد جبکہ چینی کی قیمت میں 17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

حکومت نے رواں مالی سال کے لیے مہنگائی کا ہدف 8.2 فیصد مقرر کر رکھا ہے تاہم مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں اوسط مہنگائی 10.2 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جس سے حکومتی ہدف کے حصول پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

معاشی ماہرین کے مطابق موجودہ مہنگائی میں ایندھن کی قیمتوں، ٹیکسوں، انتظامی فیصلوں اور اشیائے ضروریہ کی رسد سے متعلق مسائل کا نمایاں کردار ہے۔ عالمی سطح پر توانائی اور ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات بھی پاکستانی صارفین تک منتقل ہو رہے ہیں۔

حالیہ مہنگائی نے حکومت کے لیے ایک نیا چیلنج کھڑا کردیا ہے، کیونکہ ایک طرف مالیاتی اہداف حاصل کرنا ضروری ہیں تو دوسری جانب عوام کو مہنگی خوراک، ایندھن اور ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے اخراجات سے ریلیف دینا بھی بڑا امتحان بن چکا ہے.

WhatsApp
Get Alert