اب دفتر جانے کی ضرورت نہیں! نادرا ایپ میں شہریوں کے لیے بڑی سہولت آگئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئیڈینٹیٹی موبائل ایپ کا نیا ورژن 5.7.4 جاری کردیا، جس میں شہریوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے متعدد نئی اور اہم سہولتیں شامل کی گئی ہیں۔
نادرا کے مطابق نئے ورژن میں ایف آئی اے کو آن لائن شکایت درج کرانے، فیملی ریکارڈ میں نام شامل کرنے، دستخط اپ لوڈ کرنے اور ڈیجیٹل شناختی دستاویزات سمیت مختلف نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کو گھر بیٹھے شکایت، آن لائن ٹریکنگ بھی
پاک آئیڈینٹیٹی ایپ کے نئے ورژن میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے متعلق علیحدہ سیکشن شامل کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے ضروری انتظامات مکمل ہونے کے بعد شہری ایپ کے ذریعے اپنی شکایت آن لائن درج کراسکیں گے۔
شہریوں کو شکایت کی پیش رفت آن لائن ٹریک کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی جس کے باعث انہیں شکایت درج کرانے کے لیے متعلقہ دفتر یا اسٹیشن کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔
فیملی ریکارڈ میں نام شامل کرنا آسان
نادرا نے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) سے متعلق ایک اہم مسئلہ بھی حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ اب ایسے فرد کو فیملی ڈیٹا میں شامل کرنے کے لیے پاک آئیڈینٹیٹی ایپ کے ذریعے درخواست دی جاسکے گی جس کا نام خاندان کی فہرست میں موجود نہیں۔
اگر متعلقہ فرد کا شناختی کارڈ بنا ہوا ہے تو ضروری معلومات اور دستاویزات فراہم کرکے اسے فیملی کمپوزیشن میں شامل کرانے کی درخواست دی جاسکتی ہے۔
شناختی کارڈ نہ ہونے کی صورت میں بھی نام ایف آر سی میں شامل کیا جاسکے گا، تاہم ایسی شمولیت صرف متعلقہ ایف آر سی تک محدود ہوگی اور نادرا کے مستقل فیملی ریکارڈ کا حصہ نہیں بنے گی۔
دستخط اپ لوڈ کرنے کا نیا طریقہ
نئے ورژن میں دستخط اپ لوڈ کرنے کا عمل بھی آسان کردیا گیا ہے۔ نادرا نے دستخط کے لیے آسپیکٹ ریشو کراپنگ کی سہولت متعارف کرائی ہے۔
اب اگر درخواست کے دوران دستخط اسکرین کے درمیان موجود نہ ہوں یا ان کا سائز بہت چھوٹا ہو تو ایپ انہیں خودکار طور پر فوکس کرکے کراپ کرے گی۔ اس سے دستخط اپ لوڈ کرتے وقت خرابی کے امکانات کم ہوں گے۔
اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی سہولت
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی پاک آئیڈینٹیٹی ایپ میں اہم سہولت شامل کی گئی ہے۔ شناختی کارڈ، نائیکو یا پاکستان اوریجن کارڈ کی درخواست منظور ہونے کے بعد پرنٹ شدہ دستاویز کے انتظار کے دوران اب ڈیجیٹل شناختی دستاویز دستیاب ہوگی۔
نادرا کے مطابق متعلقہ شناختی دستاویز کی پرنٹنگ اور تصدیق مکمل ہونے کے بعد اس کی ڈیجیٹل شکل پاک آئیڈینٹیٹی ایپ میں فراہم کی جائے گی۔ یہ سہولت پاکستان یا بیرون ملک سے دی گئی درخواست، دونوں صورتوں میں حاصل کی جاسکے گی۔
نادرا نے متعلقہ اداروں کو ڈیجیٹل شناختی دستاویزات اور ڈیجیٹل آئی ڈی کی قانونی حیثیت اور قبولیت سے بھی آگاہ کردیا ہے تاکہ شناخت کی تصدیق کے لیے انہیں استعمال کیا جاسکے۔
جانشینی سرٹیفکیٹ کی تصدیق بھی ممکن
پاک آئیڈینٹیٹی ایپ میں پہلے سے دستیاب سہولتوں میں جانشینی سرٹیفکیٹ یا لیٹر آف ایڈمنسٹریشن کی تصدیق بھی شامل ہے۔ شہری ایپ کے ہوم پیج پر موجود متعلقہ آپشن کے ذریعے قانونی وراثت سے متعلق دستاویز کی تصدیق کرسکتے ہیں۔
نادرا کا کہنا ہے کہ نئی سہولتوں کا مقصد شہریوں کو شناختی اور متعلقہ سرکاری خدمات زیادہ آسان، تیز اور ڈیجیٹل انداز میں فراہم کرنا ہے، تاکہ انہیں معمولی نوعیت کے کاموں کے لیے دفاتر کے بار بار چکر نہ لگانا پڑیں ۔

WhatsApp
Get Alert