سی سی ڈی راولپنڈی کے سب انسپکٹر عدنان غیور اشتہاری ملزم کی فائرنگ سے شہید
ملزم عمر خان عرف شینا جوابی کارروائی میں مارا گیا، پولیس مقابلہ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں کے قریب پیش آیا

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)راولپنڈی میں کرائم انویسٹی گیشن اینڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے سب انسپکٹر عدنان غیور مطلوب اشتہاری کی گرفتاری کے دوران ملزم کی فائرنگ کی زد میں آ کر شہید ہوگئے جب کہ سی سی ڈی سب انسپکٹر عدنان غیور کو شہید کرنے والا ملزم عمر خان عرف شینا جوابی کارروائی میں مارا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق یہ واقعہ راولپنڈی کے تھانہ چکلالہ کی حدود میں پیش آیا، جہاں سی سی ڈی راولپنڈی کے سب انسپکٹر عدنان غیور ایک خطرناک اشتہاری مجرم کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس ٹیم کے ہمراہ ریڈ کرنے پہنچے، کارروائی کے دوران ملزم نے خود کو گھرا دیکھ کر پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر عدنان غیور شدید زخمی ہو گئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
پنجاب پولیس کا ایک اور جوان فرض کی راہ میں قربان
سی سی ڈی راولپنڈی کے سب انسپکٹر عدنان غیور خطرناک اشتہاری مجرم کی فائرنگ سے جامِ شہادت نوش کر گئے۔ تھانہ چکلالہ کی حدود میں سب انسپکٹر عدنان غیور نے خطرناک اشتہاری مجرم کی گرفتاری کی کوشش کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی جی پنجاب… pic.twitter.com/3Ti1OyjKbd— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) September 2, 2026
بتایا گیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے شہید سب انسپکٹر عدنان غیور کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا، اس کے علاوہ انہوں نے آر پی او اور سی پی او راولپنڈی کو فائرنگ کے اس واقعے میں ملوث مفرور اشتہاری مجرم کی گرفتاری کے لیے تمام تر جدید اور آپریشنل وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے شہداء ہمارا اصل فخر ہیں اور شہید کے غمزدہ اہلخانہ کی دیکھ بھال، ان کی مالی و اخلاقی امداد اور فلاح و بہبود محکمہ پولیس کی اولین ترجیح رہے گی، جب کہ واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مفرور مجرم کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔
اپ ڈیٹ: سی سی ڈی سب انسپکٹر عدنان غیور کو شہید کرنے والا ڈاکو عمر خان عرف شینا پنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں کے قریب سی سی ڈی کی جوابی کارروائی میں مارا گیا۔۔!! https://t.co/jJlE9fXg3C
— Khurram Iqbal (@khurram143) September 2, 2026
معلوم ہوا ہے کہ راولپنڈی میں سی سی ڈی کے سب انسپکٹر عدنان غیور کو فائرنگ کرکے شہید کرنے والا خطرناک اشتہاری مجرم اور ڈاکو عمر خان عرف شینا سی سی ڈی کی جوابی کارروائی میں مارا گیا، یہ پولیس مقابلہ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں کے قریب اس وقت پیش آیا جب سی سی ڈی کی ٹیموں نے سب انسپکٹر کے قاتل کا سراغ لگاتے ہوئے اس کے ممکنہ روپوش ہونے کے مقام کا محاصرہ کیا، اور فائرنگ کے تبادلے میں ملزم موقع پر ہی شدید گولی لگنے سے مارا گیا۔
