شٹر ڈاؤن ہڑتال ! کراچی کے تاجروں کا کل مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان

کراچی(قدرت روزنامہ) تاجروں نے جماعت اسلامی کے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کر دی، جس کے باعث کل تمام بڑی مارکیٹیں بند رہیں گی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی تمام بڑی مارکیٹیں 3 ستمبر کو پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر پُرامن ہڑتال کے باعث بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔

تاجر رہنما عتیق میر نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کو شہر بھر کی مارکیٹیں بند رکھی جائیں گی۔

کراچی ٹریڈرز الائنس کے جنرل سیکریٹری منہاج گل فراز کا کہنا ہے کہ موبائل فون اور الیکٹرانکس مارکیٹیں بھی ہڑتال میں شامل ہوں گی۔

مارکیٹوں کی بندش کا اعلان جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی جانب سے 3 ستمبر کو پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر پُرامن ہڑتال کی کال کے بعد سامنے آیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت سے عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مارکیٹوں اور اہم شاہراہوں تک بڑھایا جاسکتا ہے، جبکہ مستقبل میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ بھی کیا جاسکتا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے ٹیکسز، کاروباری اخراجات اور مجموعی معاشی دباؤ کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔

خیال رہے کراچی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے، اس لیے شہر بھر کی مارکیٹوں کی بندش سے 3 ستمبر کو کاروباری سرگرمیاں نمایاں طور پر متاثر ہونے کا امکان ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ خریداری اور دیگر کاروباری امور کے لیے متبادل دن کا انتخاب کریں۔

WhatsApp
Get Alert