وزارت مذہبی امور حکام کا ایک ارب 30 کروڑ 20 لاکھ روپے بغیر حساب کے خرچ کیے جانے کا انکشاف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)شاہدہ بیگم کی زیرصدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں وزارت مذہبی امور حکام نے ایک ارب 30 کروڑ20 لاکھ روپے بغیر حساب کتاب رکھے خرچ کیے جانے کا انکشاف کر دیا ۔
آڈٹ حکام کے مطابق وزارت کےحکام نے13-2012 میں اتنی بڑی رقم خرچ کر دی، وزارت کے حکام نے اس رقم کی کیش بک ہی نہیں بنائی، یہ چھوٹا معاملہ نہیں ہے، وزارت مذہبی امورحکام کہہ رہے ہیں کہ اب ریکارڈ بنایا جائےگا۔ سیکریٹری نے کہا کہ اس معاملےمیں کرپشن نہیں ہوئی صرف کیش بک اپ ڈیٹ نہیں رکھی گئی۔
بلال مندوخیل نے کہا کہ وزارت مذہبی امورحکام کہتےہیں اس میں بدعنوانی کا شبہ نہ کریں،آڈٹ حکام نے کہا کہ حیرت ہے کیش بک 2013ء میں اپ ڈیٹ ہونی چاہیےتھی،اب کر رہے ہیں، اس معاملے میں ذمہ داروں کا تعین ہونا ضروری ہے۔
سیکریٹری مذہبی امور نے کہا کہ کیش بک اپ ڈیٹ نہ کرنے کے ذمہ داروں کا تعین ہو گیا تھا، ہمیشہ کی طرح ماضی کےحکام نے ذمہ داروں سے نرم دلی کا مظاہرہ کیا، اب اس کے سوا کوئی حل نہیں کہ کیش بک ریکارڈ بنایا جائے۔
چیئر پرسن ذیلی کمیٹی نے کہا کہ متعلقہ حکام اس حوالے سے ایک ماہ کے اندر رپورٹ دیں ، آڈٹ حکام معاملے کی تصدیق کر کےرپورٹ کریں، ہرمعاملے میں ذمہ دار چھوٹ جاتے ہیں، اس معاملےمیں ذمہ داروں کا تعین ضرور ہونا چاہیے، افسوس ہے قوم کا پیسہ ضائع ہوتا جا رہا ہے۔
