ممتاز تاجر حاجی صلاح الدین نورزئی کا بہیمانہ قتل انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی
کچھ عرصہ قبل مقتول کا بیٹا بھی اغوا ہوا جو تاحال لاپتہ ہے، قاتلوں کو فوری گرفتار اور مغوی کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے

ریاست اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے، عوام کو عملی طور پر تحفظ فراہم کیا جائے: مذمتی بیان
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کوئٹہ کے علاقے مسلم آباد میں ممتاز تاجر حاجی صلاح الدین نورزئی کو نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید کیے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک اور تشویشناک قرار دیا ہے۔
پارٹی کے مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور دیگر جرائم کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث عوام اپنے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے شدید خوف و تشویش میں مبتلا ہیں۔ مسلم آباد میں حاجی صلاح الدین نورزئی کا بہیمانہ قتل امن و امان کی ابتر صورتحال کی ایک اور افسوسناک مثال ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس واقعے کی سنگینی اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ کچھ عرصہ قبل حاجی صلاح الدین نورزئی کے بیٹے کو بھی اغوا کیا گیا تھا، جو تاحال لاپتہ ہے۔ ایک ہی خاندان کو مسلسل دو المناک سانحات کا نشانہ بننا انتہائی تشویشناک ہے اور اس سے صوبے میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی سے متعلق کئی سنجیدہ سوالات جنم لیتے ہیں۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ حاجی صلاح الدین نورزئی کے قتل میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، جبکہ ان کے مغوی بیٹے کی بحفاظت بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
پارٹی نے کہا کہ ریاست اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، امن و امان کا قیام اور قانون کی بالادستی یقینی بنانا ہے۔ اگر شہری اپنے گھروں، کاروباری مراکز اور سڑکوں پر بھی محفوظ نہ ہوں تو اس صورتحال کی ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، اغوا، ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کے واقعات کا مؤثر تدارک کیا جائے اور عوام کو عملی طور پر تحفظ فراہم کیا جائے۔
پارٹی نے شہید حاجی صلاح الدین نورزئی کے خاندان، عزیز و اقارب اور کاروباری برادری سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
