ہراسانی کیس میں مومنہ اقبال کا ثاقب چدھڑ سے صلح کی پیشکش کا دعویٰ
مجھے صلح کی آفرز ہوئیں اور لوگوں نے کہا کہ آپ کی شادی ہوچکی ہے اب آرام سے بیٹھ جائیں؛ اداکارہ کی میڈیا سے گفتگو

لاہور(قدرت روزنامہ)معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے ہراسانی کیس میں ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ سے صلح کی پیشکش موصول ہونے کا دعویٰ کردیا۔ سیشن عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ میں نے قانون پر اعتماد کرتے ہوئے آنکھیں بند کرلی تھیں، لیکن این سی سی آئی اے نے ملی بھگت سے ہمیں بتائے بغیر تفتیش تبدیل کردی، ہماری پہلے دن سے مانگ تھی کہ جس شخص پر الزام عائد ہوا ہے اسے معطل کیا جائے، کسی بھی جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا کہ عوامی نمائندے پر سنگین الزام لگے اور وہ عہدہ نہ چھوڑے۔
مومنہ اقبال پہلی بار منظر عام پر آ گئیں
مومنہ اقبال کیس: اداکارہ مومنہ اقبال لاہور کی سیشن کورٹ میں پیش…
ثاقب چدھڑ اور اہلیہ بے قصور قرار pic.twitter.com/4ML5B2efoJ— Khawaja Yaseen Usmani (@YaseenUSM_Offl) September 3, 2026
انہوں نے ثبوت سوشل میڈیا پر لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے صلح کی آفرز ہوئیں اور لوگوں نے کہا آپ کی شادی ہو چکی ہے اب آرام سے بیٹھ جائیں، آپ جس جس کو مینج کرسکتے ہیں یا فون کروا سکتے ہیں کروائیں، لیکن میں اس کیس کو آخری حد تک لے کر جاؤں گی، اگر مجھے قانون سے انصاف نہ ملا تو میں تمام ثبوت عوام کے سامنے سوشل میڈیا پر رکھ دوں گی، پھر فیصلہ بھی عوام ہی کریں گے لیکن میں پیچھے نہیں ہٹوں گی، میں پاکستان کی تمام لڑکیوں کی ترجمانی کر رہی ہوں، میں اب ثاقب چڈھر کے خلاف آرام سے نہیں بیٹھو گی اور ہر فورم پر جاؤں گی۔
اس موقع پر اداکارہ کے وکیل نے بھی تفتیش میں اچانک تبدیلی پر شدید اعتراض اٹھاتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ہمارے علم میں لائے بغیر تفتیش تبدیل کی گئی، حالانکہ ہم نے ایسی کوئی درخواست نہیں دی تھی، گزشتہ سماعت پر این سی سی آئی اے کے افسر نے عدالت میں کہا تھا کہ انہیں ثاقب چڈھر کی گرفتاری درکار ہے، لیکن آج اچانک بیان کا تبدیل ہونا باعثِ حیرت ہے، ہم این سی سی آئی اے کی اس رپورٹ کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رہے ہیں۔
