جماعت اسلامی نے دھرنا شروع کیا تو پیٹرول 314 روپے کا تھا، آج بڑھ کر 346 کا ہوگیا ہے

کراچی (قدرت روزنامہ) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نے دھرنا شروع کیا تو پیٹرول 314 روپے کا تھا ، آج بڑھ کر 346 کا ہوگیا ہے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے دھرنا شروع کیا تو پیٹرول 314 روپے کا تھا ، آج 346 کا ہوگیا ہے، اگر نعیم الرحمان اسی اسپیڈ سے چلتے رہے تو پتا نہیں قیمت کہاں لے کر جائیں گے، آپ کے پاس تو خدمت کا پیسا ہے، کسی اور کے پاس خدمت خلق کا پیسا تھا، کسی نے خلق کا نہیں سوچا بلکہ اپنا سوچا۔
لہذا دھونس کی سیاست سے باہر نکل تعمیروترقی کی سیاست پر فوکس کریں۔اگر آپ کام کررہے ہوتے تو آپ کے علاقوں میں آکر ہمیں کام نہیں کرنا پڑتا۔ میرا وعدہ ہے کہ ایک ایک پائی اس شہر پر لگائیں گے۔
دوسری جانب پٹرولیم لیوی، آئی پی پیز کے معاہدوں اور مہنگائی کی مجموعی صورتحال کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے ملک گیر شٹرڈائون ہڑتال کی کال دی ، جماعت اسلامی کے دعوے کے مطابق پشاور سے کراچی تک بڑے اور چھوٹے شہروں میں اہم کاروباری مراکز اور بازار بند رہے اور تاجر برادری نے جماعت اسلامی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
جماعت اسلمای کے مطابق لاہور، پشاور، کراچی اور دیگر شہروں میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام جاری دھرنوں کے 19ویں روز ملک گیر ہڑتال کے دوران کئی مقامات پرمظاہرے ہوئے، موٹرسائیکل ریلیاں نکالی گئیں اور پریس کانفرنسز کا انعقاد ہوا۔ جماعت اسلامی کی قیادت نے تاجروں کے ہمراہ مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا اور ہڑتال کرنے پر تاجر تنظیموں اورعوام کا شکریہ ادا کیا۔
جماعت اسلامی کے مطابق امیر جماعت اسلامی کی اپیل پر لاہور کی اہم مارکیٹیں بند رہیں۔ پولیس نے بعض مقامات پر جماعت اسلامی کے کارکنوں کو ہراساں کیا اور گرفتار کیا۔ لاہور کے علاوہ کراچی اور لاڑکانہ میں بھی جماعت اسلامی ، جے آئی یوتھ کے رہنمائوں اور کارکنان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان جماعت اسلامی نے گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔
اسلام آباد میں سپرمارکیٹ، آب پارہ، جی ایٹ ، جی نائن میں کاروباری مراکز بند رہے۔ امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، امیر راولپنڈی سید عارف شیرازی اور صدر تنظیم تاجران کاشف چودھری نے مارکیٹوں کے دورے کیے اور عوام کا شکریہ اد کیا۔ ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، حافظ آباد، منڈی بہائوالدین، جھنگ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خاں، صادق آباد میں بھی اہم مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند رہے۔
پشاور میں امیرجماعت اسلامی وسطی عبدالواسع نے انجمن تاجران کے بانی صدر محمد افضل کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کی اور خیبر بازار، قصہ خوانی بازار ، اشرف روڑ اور دیگر مقامات پر دکانیں بندرکھنے پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی کی قیادت کی۔ چارسدہ ،باڑہ بازار ضلع خیبر ، صوابی میں بھی مارکیٹیں اور دکانیں بند رہیں اور پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے۔
ہزارہ ڈویژن میں ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور ، بٹ گرام میں مکمل ہڑتال ہوئی۔ امیر ہزارہ عبدالرزاق عباسی نے کامیاب اور پرامن ہڑتال پر عوام ، تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا۔کوئٹہ میں ائرپورٹ روڑ سمیت اہم اور مرکزی مارکیٹیں بند رہیں، گوادر، جعفرآباد، اوستہ محمد، ژوب اور صوبے کے دیگر مقامات پر کامیاب ہڑتال ہوئی۔ سندھ کے دارالحکومت کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، ٹھل، میرپورخاص، جیکب آباد، گھوٹکی، شکارپور، ٹھٹھہ، تھرپارکر، سکرنڈ، نواب شاہ، بدین، ہالا، شہدادکوٹ سمیت صوبہ کے مختلف شہروں اور علاقوں میں کاروباری مراکز بند رہے۔ جماعت اسلامی یوتھ کے تحت مختلف شہروں میں موٹرسائیکل ریلیاں نکالی گئیں۔
