سندھ کو سیاسی جاگیر سمجھنے والوں کی اجارہ داری اب ختم ہونے والی ہے

لاہور (قدرت روزنامہ) وزیراطلاعات خیبرپختونخواہ شفیع جان کا کہنا ہے کہ سندھ کو سیاسی جاگیر سمجھنے والوں کی اجارہ داری اب ختم ہونے والی ہے، عمران خان کے سیاسی شعور سے ملک پر مسلط نظام خوفزدہ ہے، فارم 47 کے حکمران یاد رکھیں کہ عوام ہی عمران خان کی اصل طاقت ہے۔ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ بار میں وکلاء کنونشن آئین و قانون کی بالادستی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا،وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں دورہ سندھ انتہائی کامیاب رہا۔
اسٹریٹ موومنٹ میں بھرپور شرکت پر سندھ کے عوام کے مشکور ہیں، بدقسمتی سے کراچی اور حیدرآباد میں وزیر اعلیٰ کے قافلے کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں،ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پی ٹی آئی کا عزم کمزور نہیں کیا جا سکتا،ساڑھے چار کروڑ عوام کے منتخب وزیراعلی نے رکاوٹوں کے باعث رات کی تاریکی میں کچے راستوں سے سفر کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ٹول پلازہ پر وزیراعلی کے استقبالیے میں عوام کے جم غفیر سے یہ لوگ خوف زدہ ہو گئے،ملک پر مسلط فارم 47 کے حکمران یاد رکھیں کہ عوام ہی عمران خان کی اصل طاقت ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ سندھ کو سیاسی جاگیر سمجھنے والوں کی اجارہ داری اب ختم ہونے والی ہے، عمران خان کے دیے گئے سیاسی شعور سے ملک پر مسلط نظام خوفزدہ ہے، عمران خان کی رہائی اور آئین کی بحالی تک سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دہشت گردی اور بھارت سے متعلق بیان پر سخت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا بیان تحریک انصاف کے کسی رہنما نے دیا ہوتا تو اب تک ان پر ایف آئی آر درج ہو چکی ہوتی، جبکہ انہوں نے شکوہ کیا کہ دونوں روایتی سیاسی خاندان ہمیشہ سے لاڈلے رہے ہیں۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی نے مریم نواز کے پڑوسی صوبوں سے خطرے سے متعلق بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ کا بیان ریاستی پالیسی کے مکمل برعکس ہے، ریاستِ پاکستان کا واضح اور سرکاری بیانیہ رہا ہے کہ ملک میں بھارت دہشت گردی کروا رہا ہے، مگر دوسری جانب مسلط کردہ وزیراعلیٰ دعویٰ کر رہی ہیں کہ انہیں انڈیا سے کوئی خطرہ نہیں۔
سہیل آفریدی نے سوال اٹھایا کہ اگر ہم افغانستان یا ایران سے متعلق بات کریں تو ریاست فوراً کہتی ہے کہ افغانستان یا ایران چلے جاؤ، تو کیا اب اس بیان کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی انڈیا بھیجیں گے؟ ان کی تو بھارت میں ویسے بھی دوستیاں اور ذاتی کاروبار ہیں، لیکن ان کو نہیں کہیں گہ کیونکہ وہ لاڈلے ہیں۔
