بلوچستان محکمہ صحت کا غیر حاضر ڈاکٹرز کے خلاف بڑا ایکشن، 25 لیڈی ڈاکٹرز ملازمت سے فارغ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)محکمہ صحت بلوچستان نے سرکاری ڈیوٹی سے مسلسل اور دانستہ غیر حاضری پر 25 لیڈی ڈاکٹرز کو ملازمت سے فارغ کر دیا، جبکہ ایک اور ملازم کے خلاف بھی سخت کارروائی کرتے ہوئے اسے ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔
محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق غیر حاضر ڈاکٹرز اور ملازم کے خلاف کارروائی بلوچستان ایمپلائز ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن ایکٹ 2011 (BEEDA) کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ بی ای ڈی اے ایکٹ کے تحت مزید غیر حاضر ڈاکٹرز کے خلاف بھی کارروائی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک موجود ڈاکٹرز کا ڈیٹا بھی مکمل کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف بھی جلد مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بخت محمد کاکڑ کے مطابق بیرون ملک موجود ڈاکٹرز سے متعلق ڈیٹا مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے اکٹھا کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ محکمہ صحت میں بہتری اور عوام کو ان کی دہلیز تک طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک سرکاری ملازمین اپنی ذمہ داریوں کا ادراک نہیں کرتے، محکمہ کی کارکردگی کو بہتر نہیں بنایا جا سکتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور محکمہ صحت کے تمام ملازمین کو اپنی ذمہ داریاں اور سرکاری ڈیوٹیاں باقاعدگی سے انجام دینا ہوں گی۔ بلوچستان کے عوام کی خدمت میں کسی بھی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔
بخت محمد کاکڑ نے مزید کہا کہ ملازمین کی جانب سے بلاجواز غیر حاضری اور فرائض سے غفلت کے خلاف محکمانہ قوانین کے مطابق کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
