چیئرمین الیکشن کمیشن کی تقرری ہے: وزیراعظم شہباز شریف کا اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے رابطہ، خط کا تحریری جواب دے دیا
تقرریوں میں آئینی طریقہ کار پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی، وزیراعظم کے رابطے کے بعد محمود خان اچکزئی کوئٹہ سے اسلام آباد روانہ

اپوزیشن لیڈر ایک دو روز میں اتحادیوں سے مشاورت کریں گے، الیکشن کمیشن کے نئے چیئرمین اور ممبران کی تقرری کے لیے وزیراعظم سے آئندہ ہفتے ملاقات متوقع
اسلام آباد (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے رابطہ کیا ہے اور چیئرمین الیکشن کمیشن کی تقرری کے حوالے سے ان کی جانب سے لکھے گئے خط کا باقاعدہ تحریری جواب دے دیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے جوابی خط میں اپوزیشن لیڈر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ چیئرمین اور ممبران الیکشن کمیشن کی تقرری کے معاملے پر آئینی طریقہ کار پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا خط اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو موصول ہو گیا ہے، جس کے بعد اس اہم پیشرفت پر محمود خان اچکزئی کوئٹہ سے اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی وفاقی دارالحکومت پہنچنے کے بعد آئندہ ایک دو روز میں اپوزیشن رہنماؤں سے اس معاملے پر تفصیلی مشاورت کریں گے۔
وزیراعظم کے رابطے اور جوابی خط کے بعد آئندہ ہفتے شہباز شریف اور محمود خان اچکزئی کے درمیان اہم ملاقات متوقع ہے۔ اس متوقع ملاقات میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان چیئرمین الیکشن کمیشن اور دیگر ممبران کی تقرری کے حوالے سے آئین کے تحت باقاعدہ مشاورت کی جائے گی۔
