زراعت کو تباہی سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، 6 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کیلئے 15 ستمبر کا الٹی میٹم: زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان
غیر قانونی زرعی اجناس کی اسمگلنگ، کھاد کی قلت اور مصنوعی مہنگائی نے زمینداروں کا کچرا نکال دیا ہے، ملک نصیر شاہوانی

موسمی آفات اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو معاوضہ دیا جائے، بجلی و زرعی ٹیکس پر خاموش ارکان اسمبلی کو تنقید کا حق نہیں
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) 10 ستمبر: زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان نے صوبے میں زرعی اجناس کی غیر قانونی درآمد و اسمگلنگ روکنے، کھاد کی قلت اور مصنوعی مہنگائی کے خاتمے، 2022 سے 2026 تک بارشوں، ژالہ باری اور سیلاب سے متاثرہ زمینداروں کو معاوضے کی ادائیگی، نئے ڈیموں کی تعمیر اور زرعی ٹیکسوں میں ریلیف سمیت 6 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ زراعت کے شعبے کو درپیش مسائل حل نہ کیے گئے تو اس کے اثرات صرف زمینداروں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ مزدور، ٹرانسپورٹر، آڑھتی، دکاندار، صنعت اور صوبے کا نہ صرف مجموعی معاشی نظام متاثر ہوگا بلکہ بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوگا، بجلی و زرعی ٹیکس پر خاموش رہنے والے ارکان اسمبلی کو ابھی بولنے کا حق نہیں ہے، چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کیلئے 15 ستمبر تک کا الٹی میٹم ہے۔اس بات کا اعلان زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک نصیر احمد شاہوانی کی زیر صدارت قلعہ سیف اللہ میں زمینداروں کے اجلاس اور پریس کانفرنس میں کیا گیا۔ اس موقع پر زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمن بازئی، سید عبدالقہار آغا، حاجی نور احمد بلوچ، کاظم خان اچکزئی، حاجی شیر علی مشوانی، عبداللہ جان میر زئی، حاجی محمد افضل بلوچ، حاجی محمد حیات لہڑی، سید صدیق اللہ آغا، عید محمد ایڈووکیٹ، عبد الغفار کاکڑ، معراج مندوخیل، عبد القدوس اچکزئی، خالق داد ملکیار،فضل الرحمن بلوچ، ڈاکٹر محمد اقبال، عبد القیوم میر زئی، سرور جان، حاجی صادق جوگیزئی، وائس چیئرمین قلعہ سیف اللہ سبزی منڈی داد خان خان،ضیا موسی زئی، گرین پاکستان کے چیئرمین آمین صاحب زادہ، ملک رشید، ملک خدائیداد و دیگر بھی موجود تھے۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بلوچستان کی معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور صوبے کی تقریبا 80 فیصد آبادی براہ راست یا بالواسطہ زراعت اور اس سے وابستہ کاروبار پر انحصار کرتی ہے، تاہم گزشتہ کئی سالوں سے زرعی شعبے کو اس کی ضرورت کے مطابق حکومتی توجہ نہیں مل سکی، جس کے باعث صوبے کا زمیندار شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہے۔کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں مقامی فصلیں، سبزیاں اور پھل مارکیٹ میں آنے کے دوران ہمسایہ ممالک سے ٹماٹر، سیب، انگور، پیاز اور دیگر زرعی اجناس کی غیر قانونی آمد اور اسمگلنگ فوری روکی جائے، تمام چیک پوسٹوں اور داخلی راستوں پر مثر نگرانی کی جائے اور مقامی زمینداروں کی پیداوار کو مارکیٹ میں ترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی زرعی اجناس کی آمد سے مقامی زمینداروں کو اپنی فصلیں مناسب قیمت پر فروخت کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے غیر قانونی تجارت اور اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے کیونکہ یہ معاملہ صرف زمینداروں کا نہیں بلکہ صوبائی معیشت اور حکومتی خزانے کا بھی ہے۔زمیندار ایکشن کمیٹی نے بلوچستان کے لیے کھاد کا کوٹہ بڑھانے، یوریا اور نائٹروجن کھاد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے، مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے اور زمینداروں کو کھاد کے معاملے میں خصوصی ریلیف دینے کا بھی مطالبہ کیا۔کمیٹی کے مطابق 2022 سے 2026 تک بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، ژالہ باری، سیلاب اور تیز ہواں کے باعث فصلوں اور باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا جبکہ مجموعی نقصانات اربوں روپے تک پہنچ چکے ہیں، تاہم متاثرہ زمینداروں کو تاحال مناسب معاوضہ نہیں مل سکا۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ تمام متاثرہ علاقوں میں دوبارہ شفاف سروے کرا کے نقصانات کا حقیقی تخمینہ لگایا جائے اور متاثرہ زمینداروں کو فوری مالی امداد اور معاوضہ فراہم کیا جائے۔انہوں نے بالخصوص قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، خضدار، ژوب اور دیگر متاثرہ علاقوں میں تباہ ہونے والے باغات اور فصلوں کے مالکان کے لیے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کیا۔زمیندار ایکشن کمیٹی نے بلوچستان میں پانی کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیر زمین پانی کی سطح مسلسل نیچے جا رہی ہے، اس لیے صوبے میں نئے چھوٹے اور بڑے ڈیم تعمیر کیے جائیں، موجودہ ڈیموں اور بارشی پانی ذخیرہ کرنے والے منصوبوں کی صفائی و بحالی کی جائے اور بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے مثر منصوبہ بندی کی جائے۔کمیٹی نے کہا کہ زیر زمین پانی کی سطح بہتر بنانے کے لیے بھی فوری اقدامات ناگزیر ہیں کیونکہ پانی ہوگا تو زراعت قائم رہے گی اور زراعت ہی بلوچستان کی معیشت کا بنیادی ستون ہے۔زمیندار ایکشن کمیٹی نے زرعی ٹیکس، انکم ٹیکس گوشواروں اور ہولڈنگ ٹیکس کے حوالے سے بھی ریلیف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موسمی آفات، مہنگی بجلی، کھاد کی قلت، پانی کے بحران اور فصلوں کی کم قیمتوں کے باعث زمیندار پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں اضافی ٹیکسوں کا بوجھ ناقابل قبول ہے۔کمیٹی نے متاثرہ زمینداروں کے لیے فوری ٹیکس ریلیف، زرعی شعبے پر عائد غیر ضروری ٹیکسوں کے خاتمے اور قدرتی آفات سے متاثرہ زمینداروں کے لیے خصوصی ٹیکس ریلیف پیکیج کا مطالبہ کیا۔زمیندار ایکشن کمیٹی نے سولرائزیشن کے بعد دیہی علاقوں میں بجلی کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زمینداروں کو سولرائزیشن کے لیے مالی معاونت فراہم کیے جانے کے ساتھ واپڈا اور متعلقہ اداروں کی جانب سے ڈسمنٹلنگ کے نام پر متعدد دیہی علاقوں میں بجلی کے کھمبے اور تاریں اتار دی گئیں اور دو سال گزرنے کے باوجود کئی علاقوں کے گھریلو صارفین بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔ٹیوب ویلز خشک ہو رہے ہیں قلعہ عبداللہ اور پشین کے زمیندار نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ مقررین نے کہا کہ بدقسمتی سے آج اسمبلی میں زمیندار ایکشن کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن جب زمینداروں کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا تھا اور باغات و فصلات خشک ہو رہے تھے تب یہ تنقید کرنے والے کہاں تھے جو اپنی نااہلی اور غفلت کو غیور زمینداروں پر تنقید سے چھپانے کی کوشش کررہے ہیں،مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں زمینوں کا ایک بڑا حصہ بلا پیمودہ ہے سیٹلمنٹ کے حوالے سے موضوع کی سطح پر ایک نمائندے کا انتخاب کیا جائے تاکہ صاف و شفاف طریقے سے یہ سیٹلمنٹ ہوں۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ آج ایک پلیٹ فارم پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود ہیں۔ زمیندار ایکشن کمیٹی کی جدوجہد کی ایک تاریخ ہے ہم نے اپنے حقوق کیلئے شہدا دئیے یہ واحد تنظیم ہے اگر خدا نخواستہ اگر کسی زمیندار کے خلاف کوئی ایکشن لیا جاتا ہے تو ایکشن کمیٹی بھرپور جدوجہد کریگی۔ زرعی اجناس کی غیر قانونی اسمگلنگ، کھاد کی ترسیل پر پابندی، نام نہاد زرعی ٹیکس کی وجہ سے جہاں پہلے زراعت موسمیاتی تبدیلی و قدرتی آفات کی وجہ سے مسائل سے دو چار ہیں وہی ان سرکار کی فیصلوں سے زراعت تباہ ہو جائے گی۔ آج بلوچستان میں 4 ہزار کی بوری والا کھاد 8 ہزار روپے میں فروخت ہوتا ہے لیکن کوئی سننے والا نہیں ہے، کو کھاد دکانوں کی بجائے گھروں میں فروخت ہو رہا ہے ایسے میں یہ ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے؟ سیلاب 2022 کے دوران متاثرہ زمینداروں کی کوئی مدد نہیں کی گئی ہے۔ زمینداروں پر بجلی بیچنے کا الزام لگانے والے بتائیں کہ کیا جب زمیندار سڑکوں پر تھے تو یہ لوگ کہاں تھے؟ انہوں نے ٹرانسپورٹروں سے اپیل کی کہ ٹرانسپورٹرز غیر ملکی اجناس کو لوڈ کرنے سے گریز کرے، کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ دیہی علاقوں میں بجلی کے کھمبے اور تاریں فوری بحال کی جائیں، گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور سولرائزیشن کے ساتھ ضروری بجلی کا متبادل نظام بھی برقرار رکھا جائے۔زمیندار ایکشن کمیٹی نے صوبائی حکومت، وفاقی حکومت، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے بلوچستان کے زرعی شعبے کو ہنگامی بنیادوں پر درپیش بحران سے نکالنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔زمیندار ایکشن کمیٹی نے حکومت کو مسائل کے حل کیلئے 15 ستمبر کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ زمیندار اپنے جائز اور آئینی مطالبات کے حصول کے لیے پرعزم ہیں اور زمینداروں کے حقوق کے لیے ہر آئینی فورم پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
