ایم کیو ایم بدترین ناکامی کے بعد صوبہ کارڈ کھیل رہی ہے: قادر پٹیل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بدترین ناکامی کے بعد صوبہ کارڈ کھیل رہی ہے۔
قادر پٹیل نے خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے جب بھی عوامی حمایت کھوئی ہے اس نے تقسیم اور نئے صوبے کا شوشہ چھوڑا۔
قادر پٹیل نے کہا کہ مصطفیٰ کمال ماضی میں خود خالد مقبول صدیقی کو را کا ایجنٹ قرار دے چکے ہیں، مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا تھا کہ خالد مقبول صدیقی بھارت گئے تو وہاں اپنا پاکستانی پاسپورٹ پھاڑ دیا تھا، خالد مقبول صدیقی وضاحت کریں کہ مصطفیٰ کمال اُس وقت جھوٹ بول رہے تھے یا آج سچ بول رہے ہیں؟
قادر پٹیل نے مزید کہا کہ عوام کو نئے صوبوں کا لولی پوپ دینے سے پہلے بتائیں کہ بوری بند نعشیں کس کا کلچر ہے؟ بھتے کی لالچ میں کراچی کی صنعتیں کس نے برباد کیں؟
قادر پٹیل نے کہا کہ ایم کیو ایم مگر مچھ کے آنسو بہانہ بند کرے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کو تقسیم کرنے کی ہر کوشش کے خلاف جمہوری اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی جتنی بار صوبے کا کارڈ کھیلیں گے، عوام اتنی ہی بار ان سے حساب مانگیں گے، سندھ، خاص طور پر کراچی کے عوام کسی ایسے سیاسی ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے جس کا مقصد لسانی بنیادوں پر تقسیم ہو۔

WhatsApp
Get Alert