سہیل آفریدی لاہور میں پی ٹی آئی کارکن اشتیاق کے گھر پہنچ گئے

لاہور (قدرت روزنامہ) لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اشتیاق کے گھر تعزیت کے موقع پر شدید کشیدگی اور تلخ کلامی دیکھنے کو ملی ہے۔ اطلاعات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ متوفی کے اہل خانہ سے فاتحہ خوانی کے لیے پہنچے تو پنجاب پولیس کی غیر معمولی اور بھاری نفری کی موجودگی پر سخت تلخ کلامی ہوگئی۔
بتایا گیا ہے کہ کارکن کے گھر کے باہر پنجاب پولیس کے افسران اور بھاری ناکہ بندی کو دیکھ کر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کا ضبط جواب دے گیا اور انہوں نے پولیس اہلکاروں کو سخت الفاظ میں آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے پولیس افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں کسی قسم کا سیاسی جلسہ یا جلوس کرنے نہیں آئے، ایک تو تم لوگوں نے ہمارے بندے کو شہید کر دیا اور اوپر سے یہ رویہ اپنا رہے ہو؟ تم لوگوں کو ذرا برابر شرم نہیں آتی؟۔
سہیل آفریدی لاہور میں PTI کارکن اشتیاق کے گھر پہنچے ہیں، پنجاب پولس کی حد سے زیادہ نفری پر سخت تلخ کلامی ہو گئی۔ ایک بندہ کہہ رہا ہے اتنی بھی سیکیورٹی نہ دو تو کچھ خیال کرنا چاہیے۔ جو بھی ہو ایک صوبے کا وزیراعلیٰ ہے pic.twitter.com/2MoWjGGUaS
— Ahmad Warraich (@ahmadwaraichh) September 14, 2026
انہوں نے پولیس کے طرزِ عمل اور مبینہ واقعے پر شدید جذباتی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک تو ایک عاشقِ رسول ﷺ کو آپ لوگوں نے کڑاہی میں پھینک کر شہید کر دیا اور اوپر سے مزید روڑے اٹکائے جا رہے ہیں، اشتیاق ہمارا سرگرم کارکن تھا، اسے شہید بھی کرتے ہو اور اوپر سے اس طرح کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ اس تعزیتی دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل افریدی کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر قانون دان بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر معین قریشی بھی موجود تھے، شہید کارکن اشتیاق کے گھر کے باہر پی ٹی آئی کارکنان اور عام شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد جمع ہو گئی۔
